تہران سے فرینکفرٹ پرواز، جہاز کے لینڈنگ گیئر سے لاش برآمد
جمعہ 28 اکتوبر 2022 12:02
ایران سے جرمنی جانے والے طیارے کے لینڈنگ گیئر میں سے لاش برآمد ہوئی۔ فوٹو: اے ایف پی
ایران سے جرمنی جانے والی لفتانزا ایئر لائن کی پرواز کے لینڈنگ گیئر سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو لفتانزا ایئر لائن کی ایران کے دارالحکومت تہران سے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ پہنچنے والے طیارے کے لینڈنگ گیئر میں سے لاش ملی۔
جرمن اخبار ڈیلی برڈ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاش کے بارے میں اس وقت معلوم ہوا جب پرواز ایل ایچ 601 میں سے تمام مسافر نکل گئے تھے اور جہاز کو مینٹیننس کے لیے ہینگر پر بھجوا دیا گیا۔
لفتانزا کے ایئر بس اے 340 طیارے کے لینڈنگ گیئر میں لاش کی موجودگی کی اطلاع ہینگر پر موجود عملے نے دی تھی۔
لفتانزا کی ویب سائٹ پر موجود معلومات کے مطابق ایل ایچ 601 کی پرواز جمعے کے لیے منسوخ کر دی گئی ہے۔
لفتانزا ایئر لائن اور جرمنی کی پولیس نے لاش کی موجودگی سے متعلق تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
خیال رہے کہ تہران سے آنے والی پرواز میں لاش کی موجودگی کا معاملہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران میں مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف ملک گیر مظاہرے ہو رہے ہیں۔
بائیس سالہ کرد ایرانی خاتون مہسا امینی کو ایران کی اخلاقی پولیس نے حجاب درست طریقے سے نہ لینے پر حراست میں لیا تھا جس کے بعد ان پر تشدد ہونے اور پھر ہلاکت کی خبر آئی تھی۔
اس واقعے کے بعد سے ایران کے مختلف علاقوں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس میں کئی افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متعدد کو حراست میں لیا گیا ہے۔