Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر توانائی اور اسحاق ڈار کا رابطہ، توانائی کے شعبے میں تعاون کا جائزہ

وڈیو کانفرنس کے ذریعے اقتصادی رہنما کمیٹی کے پہلے اجلاس میں متعدد امور پر بات چیت کی گئی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے توانائی کے شعبے میں تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے وزرا نے وڈیو کانفرنس کے ذریعے اقتصادی رہنما کمیٹی کے پہلے اجلاس کے دوران باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر بات چیت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ عبدالعزیزبن سلمان نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں پٹرول، اس کی رسد، پٹروکیمکل مصنوعات، تجددد پذیر توانائی، صنعت اور لاجسٹک سے تعلق رکھنے والے امور زیر بحث آئے ہیں۔ 
سعودی وزیر توانی نے بتایا کہ ’توانائی کے شعبے میں متعدد امکانا ت کا بھی جائزہ لیا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ سعودی عرب، پاکستان کو اپنے ترقیاتی پروگراموں اورسکیموں کا اہم شراکت دار سمجھتا ہے۔ دونوں ملک پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے تحت اقتصادی رہنما کمیٹی کے ذریعے باہمی تعاون کے ذرائع کو بڑھانے اور استحکام کے لیے کوشاں ہیں‘۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ’ پاکستان اور سعودی عرب نئی شراکت کے امکانات پیدا کرنے اور ایسے اقدامات پر کام کر رہے ہیں جن کا فائدہ دونوں ملکوں اور ان کےعوام کو ہو گا اور مشترکہ مفادات پورے ہوں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عوب اور پاکستان مضبوط تاریخی تعلقات قائم کیے ہوئے ہیں۔  دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور مختلف منصوبوں کو موثر بنانے کا عمل درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے‘۔
وڈیو کانفرنس میں طے کیا گیا کہ اقتصادی رہنما کمیٹی اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ اس اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر نظر رکھی جائے گی۔ دونوں ملکوں کے عوام اور قائدین کی خواہشات کی تکیمیل کےلیے دونوں ملکوں کی ورکنگ کمیٹی تعاون جاری رکھیں گی۔
یاد رہے کہ اقتصادی رہنما کمیٹی توانائی، صنعت، معدنیات، تجارت، فنڈنگ، ماحولیات، زراعت، ٹرانسپورٹ ،لاجسٹک خدمات، کمیونیکشیشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت اور سرمایہ کاری جیسے شعبوں میں کام کر رہی ہے۔

شیئر: