Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب مکمل، اسلام آباد روانگی

پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کا تین روزہ دورہ مکمل کرکے بدھ کی شام مدینہ منورہ سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن عبدالعزیزایئرپورٹ پر مدینہ منورہ گورنریٹ کے انڈر سیکریٹری وھیب بن محمد السھلی، رائل پروٹوکول کے ڈائریکٹر ابراہیم بن عبداللہ بری اور دیگر حکام نے وزیر اعظم پاکستان کو رخصت کیا۔
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور اور قونصل جنرل خالد مجید بھی موجود تھے۔
 شہباز شریف نے مسجد نبوی ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے اورروضہ رسول پرحاضری دی۔
 قبل ازیں وزیر اعظم پاکستان نے منگل کی شب اپنے وفد کے ہماہ عمرہ ادا کیا۔
اس موقع پر ملکی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کےلیے خصوصی دعا کی گئی۔
شہبازشریف عمرے کے بعد مدینہ منورہ پہنچے جہاں گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نےخیر مقدم کیا تھا۔
وزیر اعظم پاکستان نے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات، دوطرفہ تعاون کے پہلوؤں اور مختلف شعبوں میں انہیں فروغ دینے کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ 
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات میں پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران امداد فراہم کرنے، خاص طور پر، پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی کے لیے خصوصی پروازوں پر سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
 وزیراعظم نے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو (ایف آئی آئی) سمٹ کے کامیاب انعقاد پر بھی ولی عہد کو مبارکباد دی۔
خیال رہے کہ شہباز شریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنا پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا جس کے دوران ان کی سعودی قیادت بشمول فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں ہوئی تھیں۔

شیئر: