سعودی شہری نے پانچ سالہ بچی کو ڈوبنے سے بچا لیا
ہفتہ 29 اکتوبر 2022 20:11
سوشل میڈیا پر اس جرات مندانہ اقدام کی تعریف کی جا رہی ہے(فوٹو سکرین شاٹ)
سعودی عرب کے علاقے الجبیل میں سعودی شہری نے جھیل میں ڈوبنے والی پانچ سالہ بچی کو بچا لیا۔
عر ب نیوز کے مطابق جبیل انڈسٹریل سٹی کے ایک پارک میں سعودی شہری علی بن محمد اللوا المری اپنے اہل خانہ کے ساتھ پکنک کے لیے آئے ہوئے تھے۔
انہوں نے خواتین کے ایک گروپ کو پانچ سالہ بچی کو جھیل میں ڈوبنے سے بچانے کے لیے مدد کے لیے پکارتے ہوئے سنا۔
واقعہ کے عینی شاہدین نے بتایا کہ علی المرعی نے پانچ سالہ بچی کو بچانے کے لیے کپڑوں سمیت پانی میں چھلانگ لگانے میں کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔
اس واقعہ کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور صارفین کی جانب سے اس جرات مندانہ اقدام کی تعریف کی جا رہی ہے۔