Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقہ نے انڈیا کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا

آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے انڈیا کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
انڈیا نے جنوبی افریقہ کو 134 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے آخری اوور میں حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقہ کی اننگز میں اس کی پہلی وکٹ ارشدیپ سنگھ نے کوئنٹن ڈی کاک کو آؤٹ کر کے حاصل کی، جبکہ دوسری وکٹ بھی ارشددیپ سنگھ نے ریلی روسو کو پویلین کی راہ دکھا کر لی۔
کپتان تمبا باؤما، محمد شامی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ مارکرم 52 بنا کر ہاردیک پانڈیا کی گیند پر پویلین لوٹے۔ روی چندرن نے سٹبز کی وکٹ حاصل کی۔
انڈیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ انڈیا کی اننگز میں سوریا کمار یادیو کے علاوہ کوئی کھلاڑی بھی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ سوریا کمار یادیو نے68 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے علاوہ کپتان روہت شرما 15 اور ویرات کوہلی نے 12 رنز بنائے۔
انڈیا کی پہلی دو وکٹیں پاور پلے میں گر گئیں۔ کے ایل راہل اور روہت شرما کو لونگی نگیڈی نے آؤٹ کیا۔ وراٹ کوہلی کو بھی لونگی نگیڈی نے پویلین کی راہ دکھائی۔
اینرک نورتجے نے دیپک ہودا کو آؤٹ کر کے انڈیا کو مشکل سے دوچار کیا۔ اس کے بعد لونگی نگیڈی نے ہادیک پانڈیا کی وکٹ لی اور اس طرح انہوں نے میچ کی چوتھی وکٹ اپنے نام کی۔
پارنیل نے دنیش کارتیک کا شکار کیا اور اس کے بعد پارنیل نے ایشون کو بھی آؤٹ کیا۔ پارنیل نے اپنی تیسری وکٹ سوریا کمار یادو کو آؤٹ کر کے حاصل کی۔
اینرک نورتجے نے میچ کے آخری اوور میں محمد شامی کو آؤٹ کیا۔
گروپ ٹو میں پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقہ پانچ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جبکہ انڈیا چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
انڈیا نے اب تک تین میچز کھیلے ہیں اور دو جیتے ہیں۔ جنوبی افریقہ نے تین میچز کھیلے جبکہ دو جیتے ہیں۔
پاکستان کے لیے انڈیا کی جنوبی افریقہ کے خلاف جیت ضروری تھی، کیونکہ پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی میں انڈیا کی ہر میچ میں فتح پاکستان کے لیے اہم تھی۔
پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے لیے ضروری تھا کہ انڈیا جنوبی افریقہ، زمبابوے اور بنگلہ دیش کو شکست دیتا۔
پاکستان کے لیے اب اپنے تمام میچز جیتنا ضروری ہے ورنہ وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔

شیئر: