سعودی عرب ڈیجیٹل ادائیگیوں میں دنیا میں سب سے آگے ہے: ویزا
اتوار 30 اکتوبر 2022 17:09
ویزا کے علاقائی صدر کا کہنا ہے کہ ’ہم نے سعودی عرب میں ڈیجیٹل ادائیگی کو 4 سے 97 فیصد تک جاتے دیکھا ہے‘ (فوٹو: بشکریہ عرب نیوز)
عالمی ڈیجیٹل پیمنٹ فرم ویزا نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام (Contactless Payment) کو اپنانے میں دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کی ہے۔‘
ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو فورم کے چھٹے ایڈیشن کی سائیڈلائن پر اپنے خطاب میں ویزا کے علاقائی صدر اینڈریو ٹورے نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’مملکت نے دنیا میں سب سے زیادہ ڈیجیٹل ادائیگی کی شرح نمو دیکھی۔‘
سنہ 2017 میں تمام ٹرانزیکشنز میں سے صرف چار فیصد رابطے کے بغیر تھیں۔ اگر آپ 2021 کے اختتام تک تیزی سے آگے بڑھتے ہیں، تو یہ دنیا میں سب سے زیادہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کو اپنانے کا رجحان تھا۔‘
اینڈریو ٹورے نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ہم نے سعودی عرب میں اسے 4 فیصد سے 97 فیصد تک جاتے دیکھا ہے۔‘
’ڈیجیٹل ادائیگیاں نہ صرف فزیکل کارڈز کے ذریعے کی جاتی ہیں بلکہ موبائل فون کے ذریعے بھی ان کی ادائیگی ہو سکتی ہے، اور انہوں نے سعودی عرب کے مالیاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں بڑی تبدیلی دیکھی ہے۔‘
ویزا کے علاقائی صدر کے مطابق ’یہ یقینی طور پر بہت تیزی سے ترقی کرنے والی مارکیٹ ہے۔ یہ شاید دنیا اور مشرق وسطیٰ میں سب سے تیزی سے ترقی کرتی ہوئی مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔‘
اینڈریو ٹورے نے مزید کہا کہ ’مملکت سعودی عرب میں کی جانے والی تمام ادائیگیوں کا 60 فیصد حصہ ڈیجیٹل تھا۔‘
ان کے مطابق ’کمپنی سعودی عرب کے مالیاتی ٹیکنالوجی کے شعبے کی مدد کے لیے کئی اقدامات کو آگے بڑھا رہی ہے۔ فورم کے دوران اس نے مملکت میں اپنے گلوبل انوویشن سینٹر کے آغاز کا اعلان کیا۔‘
ٹورے نے بتایا کہ ’انوویشن سینٹر ریاض کا آغاز 2023 کے آخر تک ہو رہا ہے۔ اس کا مقصد سعودی عرب سے بیرون ملک بھیجی جانے والی 40 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کو تیز اور سستا بنانا ہے۔‘