شادی میں ہوائی فائرنگ، ضلع خیبر کے تین دولہے ایف ائی آر میں نامزد
اتوار 30 اکتوبر 2022 19:19
فیاض خان، اردو نیوز - پشاور
پولیس کا کہنا ہے کہ نامزد افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ فائل فوٹو: کے پی پولیس
خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں شادی میں ہوائی فائرنگ کرنے پر پولیس نے ملزمان کے علاوہ تین دولہوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں سنیچر کی شب تین چچا زار بھائیوں کی اجتماعی شادی کی تقریب میں شدید ہوائی فائرنگ کی گئی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا اور چونکہ دولہوں کا تعلق اثر رسوخ رکھنے والے گھرانے سے ہے اس وجہ سے پولیس نے مداخلت نہیں کی۔
رات بھر ہوائی فائرنگ کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا تو مقامی نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو تنقید کانشانہ بنایا۔
سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد پولیس متحرک ہوئی اور ہوائی فائرنگ کا مقدمہ درج کیا تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
جمرود کے مقامی صحافی احتشام خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ شادی کی تقریب میں جدید ہتھیاروں سے ہوائی فائرنگ کی گئی۔
’چھ سے 7 گھنٹوں تک فائرنگ کی جاتی رہی مقامی لوگوں کے گھروں پر گولیاں گریں مگر جانی نقصان کی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔‘
صحافی احتشام خان کے مطابق شہریوں نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیاپر اپلوڈ کی تو پولیس کو کارروائی کا خیال آیا۔
جمرود پولیس کا کہنا تھا کہ نامزد افراد گرفتار نہیں ہوئے تاہم گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’قانون سب کے لیے برابر ہے۔ کوئی سرمایہ دار ہو یا سیاسی شخصیت قانون توڑنے والے نہیں بچ سکیں گے۔‘