Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عامر خان کی والدہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہسپتال داخل

عامر خان کی والدہ زینت حسین کو دیوالی کے دنوں میں ہارٹ اٹیک ہوا۔ (فوٹو: یوٹیوب/سکرین شاٹ)
بالی وُڈ کے اداکار عامر خان کی والدہ کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔
اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق عامر خان کی والدہ زینت حسین کو دیوالی کے دنوں میں ہارٹ اٹیک ہوا جس کے بعد انہیں ممبئی کے مقامی ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جب عامر خان کی والدہ کو دل کا دورہ پڑا تو وہ اس وقت اپنی والدہ کے ساتھ پنج گنی میں واقع اپنے گھر پر ہی موجود تھے جس کے بعد اپنی فیملی کے ہمراہ انہیں ممبئی میں آنا پڑا اور وہ ابھی بھی ہسپتال میں اپنی والدہ کے ساتھ موجود ہیں۔
بالی وُڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی جانب سے اپنی والدہ کی علالت کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا۔
اس سے پہلے جون میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر عامر خان کی اپنی فیملی کے ساتھ والدہ کی سال گرہ منانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں عامر خان کی والدہ پوری فیملی کے ساتھ مل کر اپنی سالگرہ کا کیک کاٹ رہی تھیں۔
خیال رہے کہ عامر خان کی آخری ریلیز ہونے والی فلم لال سنگھ چڈھا تھی جو کہ باکس آفس پر ناکامی کے بعد اب سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر سٹریم ہورہی ہے۔

شیئر: