عمران خان کی حکومت ہٹانے کی ’سازش‘، امریکہ کی ایک بار پھر تردید
نیڈ پرائس نے کہا کہ غلط معلومات کو دو طرفہ تعلقات کی راہ میں نہیں آنے دیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ نے ایک مرتبہ پھر ’سازش کے ذریعے‘ سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت گِرانے کا دعویٰ مسترد کیا ہے۔
منگل کو امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ کے دوران کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’پہلے بھی کئی مرتبہ واضح کر چکے ہیں کہ حکومت گرانے کے الزامات میں کوئی سچائی نہیں۔‘
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان سے سوال کیا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے لانگ مارچ میں ایک تقریر کے دوران ایک بار پھر امریکہ کو پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم معلومات کے ذریعے غلط اطلاعات کو روک سکتے ہیں۔
نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ ’ہم پروپیگنڈا اور غلط معلومات کو اہمیت کے حامل دو طرفہ تعلقات کی راہ میں نہیں آنے دیں گے۔‘
’ہم امریکہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کو اپنے مفادات کے اہم سمجھا ہے۔
نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستان میں انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔ ’ہم نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں آئینی اور جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم دنیا بھر میں ایسے مسائل پر تمام پارٹنرز کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں۔‘