لکھنو ....... پیٹرول پمپ مالکان نے چھاپوں کے خلاف ہڑتال کردی ہے اور یوپی کے دیگر شہروں میں بھی پیٹرول پمپ ہڑتال کرنے والے ہیں۔ لکھنو میں جو چند پیٹرول پمپ کھلے ہیں وہاں لوگوں کا زبردست رش ہے۔ وہاں اب ڈیلرز نے اپنی غلطی کا احساس کرلیا ہے اور وعدہ کیا ہے کہ وہ آئندہ صارفین کے ساتھ دھوکہ دہی نہیں کرینگے۔ ان پیٹرول پمپ والوں نے اپنی مشینوں میں ایسی ڈیوائس لگائی ہیں جس سے صارفین کو پیٹرول تو کم ملتا ہے مگر مشین پر وہی رقم ظاہر ہوتی ہے جس کی طلب صارف نے کی ہوتی ہے۔ لکھنو پیٹرولیم پروڈکٹس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے گزشتہ روز پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کیاتھا۔ اب انکا کہناہے کہ حکومت چھاپے بند کرے اور انہیں اس امر کی مہلت دے کہ پیٹرول پمپ والے دھوکہ دہی بند کردیں کیونکہ انہوں نے ا پنی غلطی کا ا حساس کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلرز ہڑتال نہیں کررہے بلکہ پیٹرول پمپ کا عملہ ہڑتال کررہا ہے کیونکہ وہ کام کرنے سے خوفزدہ ہے۔ اگر عملہ اسپیشل ٹاسک فورس کے خوف سے کام پر نہیں آتا تو ہمارے لئے پیٹرول پمپ چلانا مشکل ہوگا۔ ریاستی دارالحکومت میں 152پیٹرول پمپ ہیں جس میں سے صرف 4کھلے ہیں اور انکے مالکان بھی فیول کمپنی والے ہیں۔ منگل کی صبح ان پیٹرول پمپوں پر طویل قطاریں دیکھی گئیں۔