کراچی میں پینے کے پانی کے منصوبے، چینی کمپنیاں سرمایہ کاری کریں گی
وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی صف اول کی کمپنیوں کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
چینی کمپنیوں نے کراچی میں پینے کے پانی کی فراہمی سمیت دیگر بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت قبول کی ہے جبکہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا ہے۔
بدھ کو پاکستانی وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی صف اول کی کمپنیوں کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر چین میں ہیں۔
وزیراعظم نے گوادر ہوائی اڈے پر کام کی رفتار تیز کرنے اور رواں سال کے آخر تک مکمل کرنے پر اصرار کیا۔
بیان کے مطابق چینی کمپنی نے اگلے سال کے اوائل میں گوادر ہوائی اڈے کی تعمیر کی تکمیل کی یقینی دہانی کرائی ہے۔
شہباز شریف نے چینی کمپنیوں کے نمائندوں سے کہا کہ ’آگاہ ہوں ماضی میں بہت مسائل آئے ہیں جس پر ہم معذرت خواہ ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ 11 اپریل 2022 کو اقتدار سنبھالنے کے بعد کمپنیوں کو درپیش مسائل حل کیے ہیں، چینی کمپنیوں کوواجب الادا 160 ارب روپے کی ادائیگی کر چکے ہیں۔
’چینی درآمدی کوئلے کی ادائیگیوں میں ماضی میں مسائل آئے جس پر ہمیں افسوس ہے۔ دیامیر بھاشا منصوبے میں اراضی کے حصول کے مسائل کو حل کریں گے، کوئی مسئلہ نہیں آنے دیں گے۔‘
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ چینی بھائیوں، بہنوں کے مارے جانے کے واقعات پر بے حد دکھ اور افسوس ہے۔ مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور انہیں مثالی سزا ملے گی۔
’بہترین سکیورٹی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سی پیک اور دیگر تمام منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔ ہر چینی باشندے کی سکیورٹی کا معیار ایک ہوگا۔‘