شہریوں اور تارکین کے لیے ابشر پر نئی خدمات کا اجرا
ابشر کی نئی خدمات سے غیرملکیوں کو بھی فائدہ ہو گا (فائل فوٹو: سبق)
وزارت داخلہ کے سیکریٹری برائے شخصی احوال جنرل سلیمان بن عبد العزیز الیحیی نے سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں کے لیے ابشر پر نئی خدمات کا افتتاح کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نئی خدمات میں سعودی شہریوں کے لیے گمشدہ شناختی کارڈ کے متبادل کا اجرا بھی شامل ہے۔
جنرل سلیمان بن عبد العزیز الیحیی نے کہا ہے کہ ’نئی خدمات میں گمشدہ دستاویزات گھر تک پہنچانے کے علاوہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے بچوں کے اندراج اور دستاویزات کی ترسیل شامل ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’شخصی احوال کے متعلق تمام امور آن لائن انجام دیے جاسکتے ہیں نیز دستاویزات کی ترسیل سے بھی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’شخصی احوال سے متعلق تمام امور انجام دینے کے لیے دفترآنے کی ضرورت نہیں رہی۔‘