خاتون رپورٹر کی ہلاکت، عمران خان پر حملہ اور نئے آرمی چیف سے متعلق پی ٹی آئی کے موقف سمیت پاکستان سے ہفتہ بھر کی اہم خبریں
ہفتہ 5 نومبر 2022 0:06
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
عمران خان پر فائرنگ اور ان کا زخمی ہونا گزشتہ ہفتے کے دوران اہم خبر رہی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں کنٹینر تلے آ کر خاتون رپورٹر کی ہلاکت، عمران خان پر حملہ اور ان کے زخمی ہونا، ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کے واقعات گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان کی اہم خبروں میں شامل رہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کی آرمی چیف سے متعلق پیشکش کا ذکر، لانگ مارچ کے لیے اسلحہ خریدنے سے متعلق پی ٹی آئی رہنما کی مبینہ آڈیو اور عمران خان پر حملہ کے وقت میں کنٹینر میں کیا ہوا بھی نمایاں موضوعات رہے۔
’صدف کو بچے روکتے رہے کہ ماما آج کام پر نہ جائیں‘
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں کنٹینر کے نیچے آکر ہلاک ہونے والی صحافی صدف نعیم کے شوہر نعیم بھٹی کا کہنا ہے کہ ‘آج جب وہ لانگ مارچ کور کرنے کے لیے گھر سے نکل رہی تھیں تو بچوں نے انہیں روکا۔‘
’بچوں کا کہنا تھا کہ ماما کام پر نہ جائیں آپ سے رابطہ ختم ہو جاتا ہے۔ اس پر انہوں نے کہا کہ بیٹا مجبوری ہے، کوشش کروں گی کہ جلدی آجاؤں، اور انہیں پیار کر کے نکل گئیں۔‘

وزیرآباد میں لانگ مارچ کنٹینر پر فائرنگ، عمران خان سمیت متعدد زخمی
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان جمعرات کو کنٹینر پر فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوگئے۔ ان کی ٹانگ پر گولیاں لگی ہیں اور وہ لاہور کے شوکت خانم ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں نے اس واقعہ کو عمران خان کے قتل کی کوشش قرار دیا ہے۔
عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کا واقعہ جمعرات کی سہہ پہر اس وقت پیش آیا جب پی ٹی آئی کا لانگ مارچ وزیرِ آباد میں اللہ والا چوک پر پہنچا اور وہ لوگوں سے خطاب کرنے والے تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کنٹینر کے نیچے سے کی گئی۔

’کنٹینر کے اندر اور باہر چیخ و پکار تھی‘
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے کنٹینر پر وزیرآباد میں اللہ والا چوک کے قریب فائرنگ ہوئی ہے جس میں عمران خان سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پی ٹی آئی کا لانگ مارچ جب وزیرآباد شہر میں ریسکیو 1122 کے دفتر کے سامنے پہنچا تو نامعلوم مسلح شخص نے کنٹینر پر فائرنگ کر دی جس میں عمران خان، سینیٹر فیصل جاوید اور پی ٹی آئی کے کچھ کارکن زخمی ہوئے۔

عمران خان پر حملے سے پہلے کنٹینر پر کیا ہوتا رہا؟
پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ جب جمعرات کو وزیرآباد پہنچا اور اس پر فائرنگ ہوئی تو اس وقت اردو نیوز کی ٹیم عمران خان کے انٹرویو کے لیے کنٹینر میں موجود تھی۔
انٹرویو کا وقت ایک بجے مقرر تھا اور بتایا گیا تھا کہ ساڑھے 12 اور ایک کے درمیان ہم کنٹینر کے دروازے کے پاس پہنچ کر اس پر دستک دیں تو ہمیں اندر لے جایا جائے گا۔

علی امین گنڈاپور کی مبینہ آڈیو، لانگ مارچ کے لیے اسلحہ خریدنے کا الزام
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان اپنے ہی بندوں کی لاشیں گرانا چاہتے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’عمران خان ملک میں فتنہ و فساد پھیلانا چاہتے ہیں۔ ان کو کوئی فکر نہیں کہ ملک کو کیا نقصان ہو سکتا ہے۔‘

عمران خان نے مشترکہ طور پر آرمی چیف لگانے کی آفر کی: وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’عمران خان نے انہیں ایک مشترکہ کاروباری دوست کے ذریعے پیش کش کی کہ ’نیا آرمی چیف باہمی مشاورت سے لگائیں۔‘
شہباز شریف کے مطابق ’عمران خان نے پیغام بھیجا کہ تین نام میں دیتا ہوں اور تین آپ، اگر اس میں کوئی مشترکہ نام نکل آئے تو اس پر اتفاق کر لیتے ہیں۔‘

نیا آرمی چیف جو بھی ہوگا ہمیں منظور ہوگا: پرویزخٹک
تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ ’آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔‘
پیرکے روز پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پرویز خٹک نے بتایا کہ ’وہ کسی مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں ہیں، پہلے ملاقاتیں ہوتی تھیں تاہم حالیہ مارچ کے دوران کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔‘

مارخور کا شکار، گلگت بلتستان میں سب سے بڑی بولی
گلگت بلتستان میں استور مارخور کے شکار کے لیے ایک لاکھ 65 ہزار ڈالر کی بولی لگائی گئی ہے۔
مہران سفاری نامی کمپنی کی جانب سے دی گئی بولی پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی ہے۔