میدان جنگ میں زخمی سپاہی خواتین کو طبی امداد کی فرضی مشق
سعودی ہیلتھ سمولیشن کانفرنس کے موقع پر فرضی مشق کی گئی ہے( فوٹو عاجل)
سعودی مسلح افواج کی خواتین اہلکاروں نے میدان جنگ میں زخمیوں کی امدادی کارروائی کےلیے فرضی مشق کی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق فرضی امدادی کارروائی کا وڈیو کلپ شیئر کیاگیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح افواج کی خاتون اہلکار نے جنگ میں فرضی زخمی سپاہی خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ اس دوران اس کی دیگر ساتھی خواتین ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے والی اور متاثرہ سپاہی کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیتی رہیں۔
وڈیو میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی فرضی زخمی سپاہی کی طبی امداد کا کام مکمل ہوا فورا ہی طبی امداد فراہم کرنے والی سپاہی خاتون اور متاثرہ خاتون وہاں سے روانہ ہوئیں دیگر سپاہی خواتین سیکیورٹی فراہم کرتی رہیں۔
ریاض میں پانچویں سعودی ہیلتھ سمولیشن کانفرنس کے موقع پریہ فرضی امدادی کارروائی کی گئی ہے۔ پانچ روزہ کانفرنس کی سرپرستی وزیر صحت فہد الجلاجل کررہے ہیں۔
کانفرنس میں پندرہ مباحثے اور چالیس ورکشاپس ہورہے ہیں۔ پچاس سے زیادہ مقرر اندرون و بیرون ملک سے شریک ہیں۔ صحت نگہداشت کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی اور تجربات کو اجاگر کیا جارہا ہے۔
کانفرنس کے موقع پر ایک نمائش بھی ہورہی ہے جس میں سرکاری و نجی اداروں کی نمائندگی کی جارہی ہے۔ اس دوران اندرون و بیرون مملکت کے سرکاری ونجی اداروں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے۔