مملکت میں ویزا و ماسٹر کارڈ کے استعمال میں اضافہ
لوگوں میں ’ کنٹیکٹ لیس ‘ ادائیگی کا رجحان بڑھ رہا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
ویزا ماسٹر کارڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب دنیا بھر میں سب سے زیادہ کنٹیکٹ لیس ادائیگی والا ملک ہے یہاں اس حوالے سے ادائیگی کی شرح 97 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ویزا کمپنی نے کورونا وبا کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کرنے والوں کی توقعات کے حوالے سے تازہ ترین جائزہ شائع کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مملکت میں 61 فیصد صارفین نے ٹرانسپورٹ کے لیے کنٹیکٹ لیس ادائیگیوں کی توقع ظاہر کی ہے۔
مملکت میں ایک ہزار افراد کو جائزے میں شامل کیا گیا۔ جس کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں کی دلچسپی کیا ہے اور مستقبل کے حوالے سے وہ کن امورکے خواہاں ہیں۔
مملکت، بحرین اور سلطنت عمان میں ویزا کمپنی کے ریجنل ڈائریکٹر جنرل علی بیلون نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وبا کے دوران دوسال سے زیادہ عرصے تک پبلک ٹرانسپورٹ معطل رہی۔
اب عوام باہر نکلنے میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔ اسی تناظر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ تفریحی سرگرمیوں اور روزمرہ کی ضروریات نیز سکول یا ڈیوٹی پر آنے جانے کے سلسلے میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال بڑھ رہا ہے۔
بیلون نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں میں کنٹیکٹ لیس ادائیگی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ 61 فیصد نے توقع ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں ٹرانسپورٹ کے مختلف وسائل سے سفر کرتے وقت ویزا کارڈ کے ذریعے ادائیگی کا رجحان مزید بڑھے گا۔
جائزے کے نتائج میں یہ بات بھی بتائی گئی ہے کہ 34 فیصد افراد کا خیال ہے کہ کنٹیکٹ لیس ادائیگی میں وقت کی بچت ہے۔
36 فیصد کا کہنا ہے کہ اس طریقہ کار نے انہیں پبلک ٹرانسپورٹ کے وسائل کے استعمال کی طرف راغب کیا ہے۔
43 فیصد کا کہنا ہے کہ وہ ہفتے میں کم از کم 3 بار پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں۔ 21 فیصد کا کہنا ہے کہ وہ ہفتے میں 5 بار یا اس سے بھی زیادہ پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کرتے ہیں۔
54 فیصد کا کہنا ہے کہ آئندہ 12 ماہ کے دوران مملکت میں پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال بڑھے گا۔
37 فیصد کی رائے یہ ہے کہ اگر کرائے کی انتہائی حد متعین کردی جائے تو ایسی صورت میں زیادہ لوگ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں گے۔ 38 فیصد کا کہنا ہے کہ تیز رفتار ٹور اوقات انہیں پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی طرف راغب کرتے ہیں۔