سابق انڈین کرکٹر نے ٹی20 ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان کی حمایت کر دی
سابق انڈین کرکٹر نے ٹی20 ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان کی حمایت کر دی
ہفتہ 12 نومبر 2022 16:53
سنجے بانگر نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے پاکستان اس وقت انگلینڈ سے تھوڑا آگے ہے۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سابق انڈین بیٹر سنجے بانگر نے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی حمایت کی ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پاکستان کا فائنل تک کا سفر غیریقینی صورتحال سے، خاص کر ٹورنامنٹ میں پہلے دو میچز ہارنے کے بعد، بھرپور تھا۔ لیکن پاکستان اپنے بولرز کی وجہ سے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہا ہے، جہاں وہ اپنا دوسرا ٹی20 ارلڈ کپ جیتنے کی کوشش کرے گا۔
سنجے بانگر کے خیال میں اتوار کو میلبرن میں ہونے والے فائنل میں پاکستان کی بولنگ اسے انگلینڈ پر برتری دلائے گی۔
انہوں نے سٹار سپورٹس کے شو ’گیم پلان‘ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں شاید پاکستان کی حمایت کروں گا، کیونکہ بولرز ٹورنامنٹس جتواتے ہیں اور وہیں پاکستان کے پاس جس طرح کا بولنگ اٹیک ہے، میرا مطلب ہے کہ چار کوالٹی فاسٹ بولرز اور ایک رسٹ سپنر۔ اور انہیں ضرورت ہو تو ان کے پاس لیفٹ ہینڈ سپنر بھی ہے۔‘
’میرا نہیں خیال ہے کہ وہ یہ آپشن اتنا زیادہ استعمال کریں گے، لیکن شاداب خان کے پاس جس طرح کی آل راؤنڈ صلاحیت ہے، جس قسم کا اٹیک کرنے کی یہ صلاحیت رکھتے ہیں، کسی وقت ریورس سوئنگ کے ساتھ، ہم اسے پہلے ہی دیکھ چکے ہیں۔ مجھے لگتا ہے پاکستان اس وقت انگلینڈ سے تھوڑا آگے ہے۔‘
فائنل سے قبل پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے بھی یہ تسلیم کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی کہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد وسیم جونیئر اور حارث رؤف پر تیز رفتار اٹیک ان کی ٹیم کی طاقت ہے۔
انہوں نے فائنل سے قبل ایک پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’انگلینڈ ایک مقابلے کی ٹیم ہے، اس کا انڈیا کو ہرا کر فائنل میں پہنچنا اس کا ثبوت ہے۔ ہماری حکمت عملی اپنے منصوبے پر قائم رہنا ہے اور فائنل جیتنے کے لیے اپنے پیس اٹیک کو اپنی طاقت کے طور پر استعمال کرنا ہے۔‘