انڈیا کی شکست، ’کچھ ریٹائرمنٹس ہوسکتی ہیں‘
جمعہ 11 نومبر 2022 6:19
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
انڈیا ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ سے 10 وکٹوں سے ہارا ہے۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین کرکٹ گریٹ سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے ہاتھوں ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں دس وکٹوں کی ہار کے ان کی ٹیم کے کچھ کھلاڑی ریٹائرمنٹ لے سکتے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل کے بعد سنیل گواسکر نے کہا کہ ’یہاں کچھ ریٹائرمنٹس بھی ہو سکتی ہیں لیکن یہ ایسا سوچنے کا وقت نہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ٹیم میں ایسے بہت سے کھلاڑی ہیں جن کی عمر 35 سال کے قریب ہیں اور وہ ٹی20 ٹیم میں اپنی جگہ کے بارے میں سوچیں گے۔‘
خیال رہے انڈیا کا دورہ نیوزی لینڈ 18 نومبر سے شروع ہوگا اور اس دورے کے دوران بلیو شرٹس تین ٹی20 اور تین ون ڈے میچز کھیلیں گے۔ اس دورے کے لیے وراٹ کوہلی اور روہت شرما سمیت متعدد سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
روہت شرما کی غیرموجودگی میں ہاردک پانڈیا انڈین ٹی20 ٹیم جب کہ شیکھر دھون انڈین ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے۔
اس حوالے سے سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ ’نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے ایک مختلف ٹیم بنائی گئی ہے اور ٹیم وہاں ہاردک پانڈیا کی قیادت میں جارہی ہے۔‘
سابق انڈین کپتان نے مزید کہا کہ ’پانڈیا اس ٹیم پر اپنی مہر لگانے کی کوشش کریں گے کیونکہ صاف ظاہر ہے اس قدم سے سلیکشن کمیٹی نے اشارہ دے دیا ہے کہ بحیثیت کپتان آئی پی ایل میں اپنی پہلی ٹرافی جیتنے کے بعد پانڈیا کو کپتانی کے لیے چُن لیا گیا ہے۔‘
’میرے خیال میں پانڈیا کی قیادت میں یہ ٹیم بلکل مختلف ہوگی۔‘
خیال رہے ہاردک پانڈیا کی قیادت میں گجرات ٹائٹنز نے اس سال آئی پی ایل جیتا تھا۔