ٹی20 فائنل: ’پاور پلے کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہوگا‘
ٹی20 فائنل: ’پاور پلے کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہوگا‘
ہفتہ 12 نومبر 2022 10:08
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ چار میچ تواتر سے جیتنے کے بعد ٹی20 کا ورلڈ کپ بھی جیتیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں میڈیا سے بات چیت کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم پہلے دو میچز ہاری لیکن آخری چار میچز میں بہت ہی اچھا پرفارم کیا۔
ٹی20 ورلڈکپ کا فائنل اتوار کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
’اس میں کوئی شک نہیں کہ دباؤ ہے لیکن اعتماد اور خود میں یقین کے ساتھ ہی دباؤ کو نظرانداز کیا جا سکتا ہے۔ اور اچھے نتائج کے لیے ایسا کرنا ضروری ہے۔‘
انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین جاس بٹلر کے سامنے پاکستانی کھلاڑی قدرے کمزور ہیں لیکن کپتان بابر اعظم اپنے فاسٹ بولرز پر انحصار کر رہے ہیں بالخصوص چھے اوورز کے پاور پلے کے دوران۔
’انگلینڈ کی قابل ٹیم ہے، ان کی انڈیا کے خلاف دس وکٹوں سے جیت ہی اس بات کا ثبوت ہے۔‘
کپتان نے بابر اعظم نے فائنل کے دوران ٹیم کی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اپنے پلان کے مطابق چلیں گے اور فائنل جیتنے کے لیے اپنی رفتار کو ہی اپنی مضبوطی سمجھیں گے۔‘
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاور پلے کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہوگا اور زیادہ وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے۔
جمعے کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے بھی سکواڈ سے ملاقات میں حوصلہ افزا گفتگو کی۔
سنہ 1992 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف ٹیم پاکستان میں رمیز راجہ بھی شامل تھے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ’جب چیئرمین نے ہمارے ساتھ ورلڈ کپ کے تجربات شیئر کیے تو ہماری بہت زیادہ حوصلہ افزائی ہوئی۔ انہوں نے ہمیں پرسکون اور اپنا فوکس برقرار رکھنے کو کہا۔‘
انگلینڈ کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ، سری لنکا اور افغانستان کے بعد انڈیا جیسی بڑی ٹیموں کو شکست دینے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ دوسری طرف پاکستان نے جنوبی افریقہ، نیدرلینڈ، بنگلہ دیش اور پھر نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل تک پہنچی ہے۔