احسان مانی کے مطابق مشترکہ چیمپیئن قرار دینا کرکٹ کی تاریخ میں ایک غیرمعمولی بات ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میلبرن میں ہونے والے ٹی20ورلڈ کپ فائنل پر بادل منڈلا رہے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بارش کی صورت میں پیر کو متبادل دن بھی مقرر کر رکھا ہے۔ تاہم آسٹریلیا کے بیورو آف میٹرولوجی کے مطابق اس روز بھی بارش کا قوی امکان ہے۔
دونوں روز بارش کی صورت میں انگلینڈ اور پاکستان کو مشترکہ طور پر آٹھویں ٹی20 ورلڈکپ کا چیمپئین قرار دیا جائے گا۔
آئی سی سی ایونٹس کے فائنل میں دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دینا ایک غیرمعمولی واقعہ ہے جو اس سے پہلے صرف ایک بار ہی سامنے آیا ہے۔
سری لنکا میں سنہ 2002 میں ہونے والے ایونٹ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل بارش سے متاثر ہونے کی وجہ سے انڈیا اور سری لنکا کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تاریخ میں کسی بھی ایونٹ میں مشترکہ فاتح کی مثال نہیں ملتی۔
مشترکہ فاتح قرار پانے کی صورت میں ٹرافی کس ملک کے پاس جائے گی؟
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے ضوابط کے مطابق بارش کی صورت میں ٹرافی دونوں ممالک کے درمیان شیئر کرنے کا ذکر تو موجود ہے لیکن ٹرافی شیئرنگ کا طریقہ کار کیا ہو گا اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔
آئی سی سی کے سابق صدر اور سابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اس حوالے سے اردو نیوز کو بتایا کہ ’مشترکہ چیمپیئن قرار دینا کرکٹ کی تاریخ میں ایک غیرمعمولی بات ہے اور اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ ماضی میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل بارش کی وجہ سے مکمل نہ ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کو فاتح قرار دیا گیا تھا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’سنہ 2002 میں انڈیا اور سری لنکا کو مشترکہ چیمپیئن قرار دینے کے بعد دونوں ٹیموں کو ٹرافی دی گئی تھی۔ مشترکہ چیمپیئن بننے کی صورت میں میں ٹرافی کا ریپلیکا دونوں ٹیموں کے پاس رہتا ہے۔‘
خیال رہے کہ احسان مانی سنہ 2002 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نائب صدر تھے۔
آئی سی سی ایونٹس کی اوریجنل ٹرافی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ہیڈکوارٹر میں ہی موجود رہتی ہے جبکہ اس ٹرافی کا ریپلیکا جو کہ شکل ہی نہیں معیار میں بھی اوریجنل کے قریب تر ہوتا ہے، فاتح ٹیم کو دیا جاتا ہے۔
لہٰذا اگر اس مرتبہ بھی فائنل کے لیے مختص دونوں دن بارش ہوتی ہے اور اس پر پرانا فارمولا استعمال کیا جاتا ہے تو اس صورت میں آئی سی سی دو ریپلیکا ٹرافیاں بنوائے گا جو انگلینڈ اور پاکستان کو دی جائیں گی۔