Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہم آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے میں پیچھے ہٹ گئے ہیں: عمران خان

اس سے قبل عمران خان میرٹ پر آرمی چیف کی تقرری کا مطالبہ کرتے رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لاہور میں سینیئر صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا ہے کہ ’ہم آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے کو پیچھے بیٹھ کر دیکھ رہے ہیں۔‘
اس سے پہلے پی ٹی آئی چیف نے اپنے کئی بیانات میں کہا تھا کہ وہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کو نیا آرمی چیف نہیں لگانے دیں گے۔ تاہم گزشتہ ایک دو روز سے ان کے اس موقف میں نرمی دیکھی جا رہی ہے۔
صحافیوں کے ساتھ ملاقات میں البتہ انہوں نے نواز شریف پر الزام عائد کرتے ہوئے یہ ضرور کہا کہ ’نواز شریف چاہتا ہے کوئی ایسا چیف آئے جو نواز شریف کے معاملات اور کیسز کا خیال رکھے کوئی آرمی چیف ایسا نہیں آئے گا جو ادارے ریاست اور عوام کی آواز کے خلاف جائے۔‘
اس سے پہلے چیئرمین تحریک انصاف میرٹ پر آرمی چیف کی تقرری کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ حال ہی میں توشہ خانہ سے متعلق مزید خبریں سامنے آنے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’توشہ خانہ کیس پر میں دبئی لندن اور پاکستان میں متعلقہ افراد کے خلاف کیس کروں گا۔‘
انہوں نے وضاحت دی کہ ’توشہ خانہ کیس، جو سامان فروخت کیا وہ اسلام آباد میں فروخت کیا، رسیدیں اور تاریخ توشہ خانہ میں موجود ہیں توشہ خانہ سے متعلق جب گواہی میں جائیں گی کیس ختم ہوجائے گا۔‘
امریکہ سے متعلق ایک سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ’امریکہ سے لڑائی نہیں مثبت اور بہتر تعلقات چاہتا ہوں، امریکہ کے معاملے میں قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دوں گا۔‘

عمران خان اس سے پہلے اپنی حکومت گرائے جانے اقدام کو امریکی سازش سے جوڑتے رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

چیئرمین تحریک انصاف اس سے پہلے اپنی حکومت گرائے جانے اقدام کو امریکی سازش سے جوڑتے رہے ہیں اور امریکی حکام پر الزام بھی عائد کرتے رہے ہیں کہ انہوں نے ملک کی اپوزیشن سے ساز باز کر کے ان کی حکومت کو ختم کیا۔
موجودہ حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’مذاکرات کا میسج آیا تھا کہ کمیٹی سے مذاکرات کریں، لیکن میں نے انکار کردیا۔ میرا ایک ہی مطالبہ ہے کہ الیکشن کی تاریخ دو پھر آگے بات ہوگی۔‘
خیال رہے کہ عمران خان لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے تھے۔ اور آج کل وہ لاہور میں اپنے گھر زمان پارک میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔ جبکہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ جہلم پہنچ چکا ہے۔ عمران خان لانگ مارچ کے شرکاء سے روزانہ ویڈیو خطاب کرتے ہیں۔

شیئر: