Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرمی چیف کی تقرری: ’صدر مملکت اپنی آئینی ذمہ داری ادا کریں گے‘

حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر ترین وزیر اسحاق ڈار نے جمعے کو صدر عارف علوی سے ملاقات کی جس میں اہم حکومتی امور پر بات چیت کی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد اس وقت حکومتی امور میں وزیرخزانہ اسحق ڈار کا کردار اہم ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اس ماہ کے آخر میں ریٹائر ہو رہے ہیں اور آئندہ چند دنوں میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری صدر مملکت کو بھیجی جائے گی۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے بعد ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر بات چیت کا ذکر نہیں ہے،  تاہم حکومتی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے منتخب کیے جانے والے صدر کے ساتھ موجودہ حکومت کے اہم ترین وزیر کی ملاقات میں اس معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔
اس کی تصدیق ایوان صدر کی جانب سے نہیں کی گئی ہے۔
ایوان صدر کے مطابق صدر عارف علوی سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے صدر مملکت کو ملک کی مجموعی اقتصادی اور مالیاتی صورتحال پر بریف کیا۔

وزیر خزانہ نے صدر مملکت کو پاکستان کے عوام بالخصوص ملک کے محروم علاقوں کی غیر مراعات یافتہ آبادی اور سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے مختلف اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔‘
ملاقات کے دوران خزانہ اور معیشت سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کے ضمن میں صدر مملکت اپنی آئینی ذمہ داری ادا کریں گے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’صرف یہ واضع کر دوں صدر مملکت جو بھی قدم اٹھائیں گے اسے عمران خان کی مکمل حمایت حاصل ہو گی۔‘

شیئر: