Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد کا تین روزہ دورہ تھائی لینڈ مکمل، مشترکہ اعلامیہ جاری

شہزادہ محمد بن سلمان نےتھائی وزیراعظم کے نام شکریہ کا ٹیلی گرام ارسال کیا ہے(فوٹو ایس پی اے) 
سعودی ولی عہد اوروزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان تھائی لینڈ کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے سنیچر کی شب بینکاک سے روانہ ہوگئے۔
بینکاک کے ائیر فورس بیس پر تھائی وزیراعظم ووزیر دفاع اور دیگر حکام نے سعودی ولی عہد کو الوداع کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے دورہ تھائی لینڈ کے اختتام پرتھائی لینڈ کے فرمانروا اور وزیراعظم ووزیردفاع جنرل پرایوت چن اوچا کے لیےشکریہ کا پیغام ارسال کیے ہیں۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعوی ولی عہد نے پیغام میں کہا کہ ’دوست ملک میں جس شاندار اور گرمجوشی سے ہمارا استقبال کیا گیا وہ باعث مسرت ہے، میری اور ہمراہی وفد کی جس طرح مثالی مہمان نوازی کی گئی وہ باعث افتخار ہے‘۔
سعودی ولی عہد نے پیغام میں کہا کہ ’ہمارے درمیان جن امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں دوست ممالک اورعوام کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون جاری رکھا جائے گا‘۔ 
’ایشیا پیسیفک اکنامک کو آپریشن فورم کی کامیاب میزبانی پرتھائی حکومت کو مبارک باد دینا چاہوں گا‘۔ 
قبل ازیں ولی عہد کے دورہ تھائی لینڈ کے اختتام پرجاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ’تھائی لینڈ کے وزیراعظم کی جانب سے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو 17 سے 19 نومبرتک تھائی لینڈ کے دورے کی سرکاری دعوت دی گئی تھی‘۔ 
ولی عہد کی تھائی لینڈ آمد پرکنگ مہا وجیرالونگکورن چاوہوا اور ملکہ سوتھیدا باگراسودھانے ان کا استقبال کیا۔ یہ جنوری 2022 میں دنوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پرلانے کے بعد ہونے والا ایک تاریخی لمحہ تھا جب دوشاہی خاندانوں کی پہلی ملاقات ہورہی تھی۔ 
تھائی وزیراعظم جنرل پرایوت چن اوچا نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اوران کے ہمراہ وفد کو تھائی لینڈ میں خوش آمدید کہا۔ بعدازاں دونوں جانب سے مختلف حوالوں سے مذاکرات کیے گئے جن میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اورباہمی تعاون کے علاوہ عالمی حالات پربھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ 
اس موقع پرمفاہمتی یاداشتوں پربھی دستخط کیے گئے جبکہ سرمایہ کاری، تجارت اوردیگر حوالوں سے بھی مشترکہ معاہدے کیے گئے۔ 
سعودی، تھائی رابطہ کونسل کے قیام کے حوالے سے بھی مفاہمتی یادداشت پردستخط ہوئے۔
علاوہ ازیں مملکت اورتھائی لینڈ کے مابین سرمایہ کاری کے فروغ، توانائی، سیاحت ، کھیل، دفاعی صنعت، انسداد دہشتگردی وسائبرسیکیورٹی کے حوالے سے بھی باہمی تعاون کےلیے معاہدے کیے گئے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ’ تھائی حکومت کی جانب سے مملکت کے گرین سعودی عرب اورمشرق وسطی انیشیٹو کو سراہتے ہوئے اسے مستقبل کےلیے ماحول اوروقت کی ضرورت قراردیاگیا ہے‘۔ 

 ریڈیو اورٹی وی کے علاوہ نیوز ایجنسی، خبروں اورمیڈیا وفود کے تبادلوں پربھی اتفاق کیا ہے(فوٹو ایس پی اے)

سعودی شہریوں کو تھائی لینڈ کا 30 دن کا ویزا جاری کرنے جبکہ دوطرفہ وفود کے تبادلے اورباہمی سیاحت وتجارت کے فروغ کےلیے اقدامات کو بہتر بنانے کےلیے فیصلہ کیاگیا ہے۔ 
فریقین نے ریڈیو اورٹی وی کے علاوہ نیوز ایجنسی، خبروں اورمیڈیا وفود کے تبادلوں پربھی اتفاق کیا ہے۔  
دونوں ملکوں نے انتہا پسندی سے نمٹنے، ہم آہنگی، رواداری اور امن وسلامتی کی کوششوں کو فروغ دینے کےلیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ 
قبل ازیں شہزادہ فیصل بن فرحان نے بیان میں کہا تھا کہ’ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ انڈونیشیا، کوریا اورتھائی لینڈ میں ہونے والے مذاکرات فائدہ مند رہے جن میں دوست اوربرادر ممالک کے ساتھ مختلف میدانوں میں مملکت کے تعاون کا اظہار کیا گیا۔ علاوہ ازیں دنیا کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے‘۔
سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ’ولی عہد کا دورہ مملکت کے وژن 2030 کا آئینہ دار ہے جس کا بنیادی ہدف تمام برادراوردوست ممالک کے ساتھ مل کرخوشحالی اورترقی کو فروغ دینا ہے‘۔

شیئر: