Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کارکنوں کو 3 دن کے انتظامات کرنے کی ہدایت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا نے پارٹی کارکنان کو حقیقی آزادی مارچ کے لیے تین دن کے انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
خیبر پختونخوا کے وزیر کامران بنگش نے پیر کو ایک انٹرویو میں اردو نیوز کو بتایا کہ فی حلقہ تین دن کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ پر 12 سے 15 لاکھ تک اخراجات کا تحمینہ لگایا گیا ہے۔
عمران خان کی جانب سے 26 نومبر کو آزادی مارچ کے سلسلے میں راولپنڈی میں جمع ہونے کی کال کے بعد تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔
اس حوالے سے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے حکمت عملی طے کرلی گئی ہے۔
صوبائی قیادت کی جانب سے صوبے کے وزرا، مشیر، معاون خصوصی اور اراکین اسمبلی کو آزادی مارچ کے لیے پیسے جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے  تاکہ کارکنوں کے کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ کا خرچہ اٹھایا جاسکے۔
کامران بنگش نے اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران بتایا کہ ہر حلقے کو الگ سے پیسے جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ’میں نے اپنی طرف سے پانچ لاکھ روپے جمع کرا دیے ہیں۔‘
میں نے دو تنخواہیں آزادی مارچ کے لیے مختص کی ہیں، تاہم دیگر تنظیمی عہدیدار بھی جمع کررہے ہیں۔‘
کامران بنگش کا کہنا تھا کہ مارچ کے لیے ہر صوبائی حلقے سے 1500 تک کارکن جائیں گے۔
’ہم نے تین دنوں کے اخراجات کا حساب لگا لیا ہے جو کہ فی حلقہ 12 سے 15 لاکھ روپے بنتے ہیں۔‘
صوبے کو چار ریجن میں تقسیم کیا گیا ہے ہر ریجن سے ایم پی ایز اپنے قافلے لیکر نکلیں گے۔
’تاہم ان تمام قافلوں کی قیادت پرویز خٹک اور وزیر اعلی محمود خان کریں گے۔‘
ہزارہ سے قافلے اسد قیصر اور قائم مقام گورنر مشتاق غنی کی قیادت میں موٹروے سے آئیں گے جبکہ جنوبی اضلاع سے علی امین گنڈاپور قافلے کی قیادت کریں گے۔
کامران بنگش کا کہنا تھا کہ ’ہم  چیئرمین عمران خان کی حکمت عملی کے مطابق چلیں گے تاہم ہماری تیاری مکمل ہے۔‘

شیئر: