Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لانگ مارچ: عمران خان نے 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دے دی

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ’26 نومبر کو سب نے راولپنڈی پہنچنا ہے، میں آپ کو وہاں ملوں گا۔‘
سنیچر کو روات میں موجود لانگ مارچ کے شرکا سے ویڈیو خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ’میں پہلے اپنی ساری پارٹی کو بھی کہوں گا کہ ابھی سے تیاری شروع کر دیں۔ میں آئندہ سنیچر 26 نومبر کو آپ سے راولپنڈی میں ملوں گا۔‘
 
انہوں نے کہا کہ ’میں صرف اب اپنی پارٹی کو نہیں کہہ رہا بلکہ سارے پاکستانیوں سے کہہ رہا ہوں کہ اگر آپ کا خیال ہے کہ آپ گھر بیٹھیں رہیں گے اور ایک دم تبدیلی آجائے گی تو ایسے نہیں ہوتا۔‘
’اگر ہم سمجھتے ہیں کہ ہم بھیڑ بکریوں کی طرح رہیں اور ایک دم آزاد ہو جائیں گے تو ہم آزاد نہیں ہوں گے۔ ہم ویسے ہی رہیں گے۔ تو یہ وقت ہے میں ساری قوم کو دعوت دے رہا ہوں کہ آپ نے راولپنڈی آنا ہے 26 نومبر سنیچر کو دوپہر ایک بجے سے دو بجے کے درمیان۔ آپ نے پوری کوشش کرنی ہے پہنچنے کی میں وہاں آپ سے خطاب کروں گا اور آئندہ کا لائحہ عمل دوں گا۔‘
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ ’میں سارے طاقتور حلقوں سے ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ جس سے مرضی آج پوچھ لیں آپ کے پاس طاقت ہے آپ کی ذمہ داری ہے۔ جس سے پوچھ لیں بزنس مین سے پوچھ لیں، پروفیشنل سے پوچھ لیں، ماہر معیشت سے پوچھ لیں کسی سے بھی پوچھ لیں ہر کوئی آپ سے کہے گا کہ سوائے صاف اور شفاف الیکشنز کے کوئی دوسرا حل نہیں ہے اس دلدل سے نکلنے کا۔‘

لانگ مارچ کے شرکا سے ویڈیو خطاب میں عمران خان نے کہا کہ میں پہلے اپنی ساری پارٹی کو بھی کہوں گا کہ ابھی سے تیاری شروع کر دیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سابق وزیراعظم نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’ان کے پاس کوئی پلان ہی نہیں ہے۔ کوئی پوچھے تو سہی آپ کا روڈ میپ کیا ہے؟ ملک جو تیزی سے نیچے جا رہا ہے جو باہر کی دنیا سارا اعتماد کھو بیٹھی ہے۔ کون سا روڈ میپ ہے آپ کے پاس؟‘
’ان کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں ہے۔ سات ماہ میں جو روڈ میپ نظر آیا وہ صرف اپنی چوری بچانے کا ہے، تو لہٰذا پوری قوم اُدھر آئے گی اور ہم ایک چیز کا مطالبہ کریں گے صاف اور شفاف الیکشنز۔ ہماری حقیقی آزادی کی تحریک اُس کے بعد بھی چلتی رہے گی جب تک ہم اس قوم کو صحیح معنوں میں ایک وہ قوم نہ بنا دیں جس میں ہر انسان کے حقوق ہوں۔‘

شیئر: