Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے والے سعودی ’چاچا فٹبال‘

سعودی قومی  ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی دوحہ پہنچے ہوئے ہیں۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
 سعودی شہری عاطی المورکی نے سعودی عرب کی قومی فٹبال ٹیم کے حوالے سے منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔
عاطی المورکی کا کہنا ہے کہ وہ 53 برس سے زیادہ عرصے سے سعودی قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ دنیا میں جہاں بھی فٹبال کے مقابلے ہوتے ہیں اور اس میں سعودی قومی ٹیم شریک ہوتی ہے تو وہ ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے لاؤڈ سپیکر سمیت وہاں ضرور پہنچتے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق عاطی المورکی ان دنوں قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ 2022 میں شریک سعودی قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے دوحہ پہنچے ہوئے ہیں۔

’چاچا فٹبال‘ قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود ہوتے ہیں۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)

عاطی المورکی نے سٹیڈیم کی نشستوں سے سعودی کھلاڑیوں میں جوش و خروش پیدا کرنے اور ان کا خون گرمانے کے لیے شائقین کے ساتھ مل کر کھیلوں کے گیت گانے کا عزم کر رکھا ہے۔
وہ گلف کپ، ایشین کپ اور ورلڈ کپ کے ہر مقابلے میں قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے جا چکے ہیں۔ 
سعودی شہری کا کہنا ہے کہ ’سعودی قومی فٹبال ٹیم جس ملک میں مقابلے کے لیے پہنچتی ہے میں سبز اور سفید لباس زیب تن کر کے لاؤڈ سپیکر کے ساتھ اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے سٹیڈیم میں موجود رہتا ہوں۔‘

’سعودی عرب زندہ باد کے نعرے لگا کر خوشی محسوس کرتا ہوں۔‘ (فوٹو العربیہ نیٹ)

عاطی المورکی کا کہنا ہے کہ ’اس حوالے سے قومی نغمے بھی گائے اور وہ گیت بھی گائے جو میں نے خود تخلیق کیے ہیں اور جن کی دھن خود ہی تیار کی۔‘
’ خوشی ہے کہ فٹبال ورلڈ  کپ میں شریک قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے دوحہ پہنچا ہوں۔‘
’اپنے ساتھیوں، سعودی فٹبال کلب کے سربراہوں اورعام شائقین کے ساتھ مل کر فٹبال ورلڈ کپ کے جشن میں ’سعودی عرب زندہ باد‘ کے نعرے لگا کر خوشی محسوس کرتا ہوں۔‘ 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: