Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رائل کمیشن نے قدیم شہر ’العلا‘ کو از سر نو آباد کر دیا

العلا شہر کے آخر میں الجدیدہ کے نام سے ایک قریہ ہے (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں العلا رائل کمیشن نے یونیسکو کے رہنما اصولوں اور آثار قدیمہ کی بحالی سے متعلق بین الاقوامی معیار کے مطابق قدیم العلا شہر کو از سر نو آباد کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق قدیم العلا شہر مدینہ منورہ ریجن کی العلا کمشنری میں واقع ہے۔ زمانہ قدیم میں یہ شہر ’الدیرہ‘ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ 
دمشق سے مکہ مکرمہ تک واقع حج شاہراہ پر واقع یہ شہر تجارتی قافلوں کی منزل بھی ہوا کرتا تھا۔ 
قدیم العلا شہر میں 900 مکانات ہیں جو مٹی کی اینٹوں سے بنے ہوئے ہیں اور موسمی حالات سے نمٹنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ 

قدیم زمانے کے لوگ العلا کو ’الدیرہ‘ کے نام سے جانتے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

قدیم العلا شہر بحالی کے بعد العلا کمشنری کے باشندوں کے لیے روزگار کا بڑا ذریعہ بن گیا ہے۔ یہاں دستی مصنوعات، مقامی پیداوار اور انواع و اقسام کی دیسی اشیا فروخت کرنے والی دکانیں ہیں۔ سال بھر ریستوران اور کافی ہاؤس کھلے رہتے ہیں۔ 
العلا کمشنری کے نوجوان دکانیں چلا رہے ہیں۔ العلا رائل کمیشن نے انہیں کامیابی کے ساتھ کاروبار کا ہنر اور سلیقہ سکھانے کے لیے خصوصی کورس کرائے ہیں۔ 

کئی قابل دید مقامات ہیں جنہیں سیاحوں کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔  (فوٹو ایس پی اے)

قدیم العلا شہر میں ایک تاریخی مسجد بھی ہے جو اس جگہ تعمیر کی گئی جہاں سے پیغمبر اسلام غزوہ تبوک کے حوالے سے گزرے تھے۔ مقامی باشندوں نے اس جگہ ایک مسجد تعمیر کی اور اسے ’مسجد العظام‘ (ہڈیوں والی مسجد) کا نام دے دیا تھا۔ یہاں موسی بن نصیر کے نام سے ایک قلعہ بھی موجود ہے جبکہ دوسرا العلا کے نام سے قلعہ ہے۔ ان کا تعلق دسویں صدی سے ہے۔
زرعی فصلوں کی شروعات اور اختتام کی نشاندہی کرنے والی آفتابی گھڑی بھی موجود ہے جو الطنطورۃ کے نام سے معروف ہے۔ اس گھڑی کے ذریعے چشموں کے پانی کی تقسیم کے اوقات متعین کیے جاتے تھے۔ 

یہاں 5 منفرد سکوائرز ہیں جن میں متعدد دکانیں کھلی ہوئی ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

العلا شہر کے آخر میں الجدیدہ کے نام سے ایک قریہ ہے جو سیاحوں کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کے درمیان راہگیروں کے لیے ایک کھلی جگہ بنائی گئی ہے جہاں خاص رنگوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ انہی کی بدولت یہ مقام ایک شاہکار کی شکل اختیار کر گیا ہے۔
یہاں 5 منفرد سکوائرز ہیں جن میں متعدد دکانیں کھلی ہوئی ہیں۔ ان میں آرٹ سکوائر، ہمارا سکوائر، المعابدہ سکوائر، نخلستان سکوائر اور کینال سکوائر شامل ہیں۔ کئی قابل دید مقامات ہیں جنہیں سیاحوں کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ 
 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: