بارباڈوس ...پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کے 9 بلے بازوں کو 219 رنز پر آوٹ کر کے میچ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی۔بارباڈوس ٹیسٹ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز نے 40 رنز ایک کھلاڑی آوٹ سے نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے پہلی اننگز میں 42 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔ محمد عامر نے شیمرون ہٹمیئر کی وکٹ حاصل کر کے پاکستان کو بہترین آغاز فراہم کیا تاہم کریگ بریتھ ویٹ اور شے ہوپ نے 56 رنز کی شراکت کی۔ یاسر شاہ نے بریتھ ویٹ کو 43 رنز پر آوٹ کردیا۔ پاکستان کو اہم کامیابی اس وقت ملی جب یاسر شاہ نے پہلی اننگز میںسنچری بنانے والے روسٹن چیز کو اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر پویلین بھیج دیا۔بعدازاں وشال سنگھ اور ہوپ نے اسکور کو 235 رنز تک پہنچادیا۔یاسر شاہ نے ہوپ اور محمد عباس نے وشال سنگھ کو آوٹ کیا۔ یاسر شاہ نے ڈاوریچ اور الزاری جوزف کی وکٹیں بھی حاصل کیں۔ویسٹ انڈیز نے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے تھے۔بشو 16 اور گیبرئیل صفر پر کھیل رہے تھے۔ یاسر شاہ نے 6 وکٹیں حاصل کیں، محمد عباس نے 2 اور محمد عامر نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔پاکستان کی ٹیسٹ میں پو زیشن مضبوط ہے۔ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے ۔ یہ میچ جیت کر پاکستان پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز میں سیریز جیتنے کی تاریخ رقم کر سکتا ہے۔