نجی شعبے سے وابستہ اماراتی شہریوں کو ماہانہ الاؤنس دینے کا فیصلہ
جمعرات 24 نومبر 2022 15:39
نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زاید آل نہیان نے کہا ہے کہ ’فیصلے کا مقصد اماراتی شہریوں کو نجی شعبے کے علاوہ بینکنگ کے شعبے کی طرف مائل کرنا ہے۔‘ (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے نجی شعبے میں کام کرنے والے شہریوں کے لیے الاؤنس کی منظوری دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے نجی شعبے میں کام کرنے والے شہریوں کی آمدنی میں بہتری لانے کی ہدایت کی تھی۔
نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زاید آل نہیان نے کہا ہے کہ ’فیصلے کا مقصد اماراتی شہریوں کو نجی شعبے کے علاوہ بینکنگ کے شعبے کی طرف مائل کرنا ہے۔‘
’فیصلے کے تحت آئندہ پانچ سالوں تک نجی شعبے میں خدمات انجام دینے والے ایک لاکھ 70 شہریوں کو الاؤنس دیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’فیصلے سے ہر وہ شہری فائدہ اٹھا سکے گا جو نجی شعبے یا بینکنگ کے شعبے سے وابستہ ہو خواہ اس نے کسی بھی وقت اس شعبے سے وابستگی کی ہو۔‘
نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زاید آل نہیان کا مزید کہنا تھا کہ ’نجی شعبے میں خدمات انجام دینے والے شہریوں کے الاؤنس کی حدِ تنخواہ کے ساتھ 30 ہزار اماراتی درہم ماہانہ سے زیادہ نہیں ہو گی۔ شہریوں کو تعلیمی ڈگری کے اعتبار سے ماہانہ سات ہزار درہم تک الاؤنس دیا جائے گا۔‘