Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات کا 2031 تک جی ڈی پی کو دگنا کرنے کا منصوبہ

  نان آئل برآمدات کو 800 بلین درہم تک بڑھانے کے اہداف مقرر کیے گئے تھے( فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات نے ملک کی نان آئل برآمدات اور سیاحتی شعبے کو آگے بڑھانے کے ذریعے 2031 تک جی ڈی پی کو تین ٹریلین درہم تک دگنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد کی جانب سے ابوظبی میں منعقدہ یو اے ای کی سالانہ حکومتی میٹنگز میں ’وی دی یو اے ای 2031‘ پلان کی نقاب کشائی کی گئی۔ پلان میں سماجی، اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقی کے پہلوؤں پر توجہ دی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی جی ڈی پی کو اس کی موجودہ سطح 1.49 ٹریلین درہم سے بڑھانے کے منصوبے کے حصے کے طور پر ملک کی نان آئل برآمدات کو 800 بلین درہم تک بڑھانے کے اہداف مقرر کیے گئے تھے۔
ان اہداف میں غیر ملکی تجارت بڑھ کر چار  ٹریلین درہم تک پہنچ جائے گی اور جی ڈی پی میں سیاحت کے شعبے کا حصہ بڑھ کر 450 بلین درہم تک پہنچ جائے گا۔
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ ’وی دی یو اے ای 2031‘ ملکی ترقی کو زیادہ کامیاب اور ترقی یافتہ مستقبل کی طرف موڑ دے گا جس میں تمام ادارے ایک متحد ماحولیاتی نظام کے اندر تعاون کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ’یہ اگلی دہائی کے لیے ہمارے حکومتی وژن کی نمائندگی کرتا ہے کیونکہ ہم نے اپنے بھائی محمد بن زاید کی قیادت میں نئی کامیابیوں کی طرف ایک قومی راستہ شروع کیا ہے‘۔
شیخ محمد بن راشد نے مزید کہا کہ ’ متحدہ عرب امارات ایک اقتصادی منزل کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھے گا۔ اقتصادی خوشحالی، سماجی بہبود اور انسانی سرمائے کی ترقی اگلے 50 سالوں کے اہم ستون ہوں گے‘۔
یہ منصوبہ چار اہم ستونوں پر مبنی ہے جو تمام شعبوں معیشت، معاشرت، ماحولیاتی نظام اور سفارت کاری کا احاطہ کرتا ہے۔
سوسائٹی کا ستون متحدہ عرب امارات کو انسانی ترقی کے انڈیکس میں سرفہرست 10 ممالک میں شامل کرنے اور اس کے شہروں کو دنیا کے 10 بہترین ممالک میں شامل کرنے پر مرکوز ہے۔
فارورڈ اکانومی کا ستون ایسی پالیسیاں اور منصوبے بنائے  اور تیار کرے گا جو تمام شعبوں میں اعلیٰ اقتصادی ترقی کے حصول کے ساتھ ساتھ توانائی کے شعبے میں تبدیلی کی رفتار کو تیز کرنے اور توانائی کے متبادل ذرائع پر انحصار کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
فارورڈ ڈپلومیسی کا مقصد دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے خارجہ تعلقات کو مضبوط بنانا، اس کی بین الاقوامی موجودگی، تعاون اور دوستی کو بڑھانا اور دنیا بھر میں مثبت بات چیت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
چوتھا ستون، فارورڈ ایکو سسٹم، جدید ترین تکنیکی طریقوں کے مطابق بنیادی ڈھانچے اور اس کی ترقی پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔اس ستون میں ڈیجیٹل انفرسٹرکچر کی ترقی شامل ہے۔

شیئر: