سعودی عرب میں تفریحی مراکز کےلیے 13 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ
سعودی عرب میں تفریحی مراکز کےلیے 13 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ
بدھ 30 نومبر 2022 22:11
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیت سیون کمپنی سرمایہ کاری کررہی ہے( فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی انٹرٹینمنٹ وینچرز کمپنی نے اعلان کیا کہ وہ مملکت کے 14 شہروں میں 21 تفریحی مقامات بنانے کے لیے 13 بلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرے گی۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیت اور سیون کے نام سے مشہور کمپنی نے کہا ہے کہ نئی منزلوں میں صنعت کی ترقی اور سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے 150 سے زیادہ تفریحی علاقے شامل ہوں گے۔
عرب نیوز کے مطابق کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ یہ اعلان قومی آمدنی کے ذرائع کو متنوع بنانے، ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے، شہریوں اور رہائشیوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے،سعودیوں کو بااختیار بنانے میں معاونت کرنے کے لیے ایک بنیادی ستون کے طور پر سیکٹر کی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی کوششوں کے ساتھ سامنے آیا ہے‘۔
سیون کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عبداللہ بن ناصر الداؤد نے کہا کہ ’نئے تفریحی علاقوں کا مقصد وزیٹز کے تجربات کو بڑھانا اور عالمی تفریحی رہنماؤں کے ساتھ شراکت داری قائم کرنا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ ہمارا خیال ہے کہ مملکت میں تفریحی شعبہ مواقع سے بھرا ہوا ہے، مقامی معیشت میں اس کا کردار بڑھ رہا ہے اور یہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک ٹھوس بنیاد بناتا ہے کیونکہ یہ بہت سے دوسرے اقتصادی شعبوں کے لیے ایک مضبوط انجن ہے‘۔
عبداللہ بن ناصر الداؤد نے کہا کہ ’ نئے منصوبے کے ساتھ سیون مقامی چھوٹی اور درمیانی کمپنیوں کے لیے مواقع فراہم کرنے اور عالمی شراکت داری کے ذریعے سعودی ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے کام کرے گا۔
کمپنی نے اس سے قبل ریاض کے ضلع الحمرا میں اپنے تفریحی مقامات میں سے ایک پر تعمیراتی کام شروع کیا تھا جس پر 800 ملین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔
کمپنی کے بیان کے مطابق اس پروجیکٹ میں انڈور ویونگ وہیل،سرفنگ ایریا، ایئر فلائنگ زونز اورالیکٹرک کارٹنگ ٹریکس شامل ہوں گے جس سے سالانہ 6 ملین وزیٹرز کو راغب کرنے کی توقع ہے۔
وژن 2030 مینڈیٹ کے تحت تفریح پر سعودی اخراجات کو مقامی بنانے کے لیے دسمبر 2017 میں سیون تشکیل دی گئی تھی۔
کمپنی مملکت میں 20 سے زیادہ تفریحی کمپلیکس، 50 سینیما گھر اور دو تھیم پارکس تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
سیون کی پائپ لائن میں دمام، جدہ، مکہ، ابحر اور ریاض کے منصوبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ابہا میں اس کا منصوبہ تفریحی کمپلیکس شامل ہے جس کا تعمیراتی رقبہ 70 ہزار مربع میٹر سے زیادہ ہو گا۔
سیون ابھا میں ایک تفریحی کمپلیکس بنانے کا ارادہ رکھتی ہے جس کا تعمیراتی رقبہ 70 ہزار مربع میٹر سے زیادہ ہو گا۔