Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے دن انگلینڈ نے 112 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

ہیری بروک 101 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام تک انگلینڈ کی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 506 رنز بنا لیے تھے۔ 
یہ کسی بھی ٹیم کا ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بنایا جانے والا سب سے بڑا سکور ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے 112 سالہ ریکارڈ توڑا جو اس سے قبل 1910 میں  آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف سڈنی میں 494 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔ 
کسی ٹیسٹ میچ میں ایک دن میں پانچ سو سے زائد رنز کا  کارنامہ اس سے قبل چار بار ریکارڈ کیا گیا ہے، تین بار انگلینڈ اور ایک بار سری لنکا نے ٹیسٹ میچ کے ایک دن میں پانچ سو سے زائد رنز بنائے تھے تاہم ٹیسٹ میچ کے پہلے دن یہ کارنامہ انگلینڈ نے پنڈی ٹیسٹ میچ میں پہلی بار سرانجام دیا ہے۔ 

انگلینڈ کی ٹیم کے چار بلے بازوں نے سینچری بنائی ہے۔  (فوٹو: اے ایف پی)

جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تو اس کے اوپنرز نے جارحانہ آغاز کیا اور دونوں اوپنرز بین ڈکٹ اور کرالی نے سینچریاں سکور کیں۔ پاکستان کو پہلی کامیابی 233 کے مجموعی سکور پر ملی جب زاہد محمود نے بین ڈکٹ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، انہوں نے 107 رنز بنائے۔ 
اس کے کچھ ہی دیر بعد پاکستان کو دوسری کامیابی بھی مل گئی جب حارث رؤف نے کرالی کو 122 کے انفراد ی سکور پر بولڈ کر دیا تاہم انگلینڈ کے بلے بازوں کو تیز رفتاری سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رہا۔ 
انگلینڈ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جو روٹ تھے جو 23 رنز بنا کر زاہد محمود کی دوسری وکٹ بنے۔ 

لیگ سپنر زاہد محمود نے دو وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)

انگلینڈ کی چوتھی وکٹ462 پر گری جب اولی پوپ کو اپنا پہلا میچ کھیلنے والے محمد علی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، انہوں نے 108 رنز بنائے۔ 
میچ کے پہلے دن کم روشنی کے باعث جب کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو انگلینڈ کا مجموعی سکور506 رنز چار کھلاڑی آؤٹ تھا، ہیری بروک 101 اور بین سٹوکس 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ 
پاکستان کو ایک مشکل ہدف سمجھتے ہیں: بین سٹوکس
انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیتنے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ میچ کے لیے پرجوش ہیں اور پاکستان کو ایک مشکل ہدف سمجھتے ہیں۔
اس موقعے پر پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ پچ اچھی نظر آ رہی ہے اور امید ہے کہ ایک اچھا میچ ہو گا۔ 
پاکستان کی طرف سے چار کھلاڑیوں نے آج انگلینڈ کے خلاف اپنا ڈیبیو کیا ہے جن میں سعود شکیل، محمد علی، حارث روف اور زاہد محمود شامل ہیں جبکہ انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس اور لیام لونگ سٹون اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔
انگلینڈ کی ٹیم 17 برس بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے آئی ہے۔
ٹیسٹ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ملتان اور تیسرا کراچی میں شیڈول ہے۔ 
بدھ کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان کو پانچ میں چار ٹیسٹ میچز جیتنا ہوں گے اس لیے وہ بھرپور مقابلے کی کوشش کریں گے اور میچز کو نتیجہ خیز بنائیں گے۔ 
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم فاسٹ بولنگ اور سپن دونوں کا بھرپور استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور راولپنڈی ٹیسٹ کو فیصلہ کن بنانے کے کوشش کریں گے۔
خیال رہے کہ بدھ کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ انگلینڈ کے چھ کھلاڑی وائرل انفیکشن کا شکار ہو گئے ہیں، جس کے بعد میچ کا انقعاد مشکوک ہو گیا تھا۔ بعدازاں پی سی بی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جمعرات کی صبح میچ کے انعقاد کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا اور آج صبح ہی بتایا گیا کہ میچ شیڈول کے مطابق ہو گا۔
تمام ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے میچز ہیں جس کا فائنل 2023 میں لندن کے لارڈز سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: