Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ ٹیم کا آدھا سکواڈ ’وائرل انفیکشن‘ کا شکار، کرکٹ بورڈز کے رابطے

انگلینڈ کرکٹ ٹیم 27 نومبر کو پاکستان پہنچی تھی۔ (فوٹو: ای سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ و انگلیڈ کے کچھ کھلاڑیوں کے وائرل انفیکشن کے شکار ہونے کے بعد  پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز سے متعلق وہ انگلینڈ کے کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔  
پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وہ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس بارے میں مزید معلومات مناسب وقت پر دی جائیں گی۔ 
انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے روابط کی تصدیق کی ہے۔ 
اس سے قبل انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ پاکستان کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ شروع ہونے سے ایک دن قبل انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس سمیت متعدد کھلاڑیوں کی طبیعت ناساز ہوگئی ہے۔
بدھ کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ٹیسٹ سکواڈ کے متعدد کھلاڑی آج ہوٹل ہی میں رہیں گے جبکہ ہیری بروک، زیک کرالے، کیٹن جیننگز، اولی پوپ اور جو روٹ پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ذرائع سے اردو نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا آدھا سکواڈ وائرل انفیکشن کا شکار ہوگیا ہے جبکہ ان کے علاوہ سپورٹ سٹاف کی طبیعت بھی ناساز ہے۔ 
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مینجر کے مطابق کھلاڑیوں میں کورونا کی علامات نہیں پائی گئی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ سیریز کی آج ہونے والی رونمائی کو ملتوی کر دیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق ٹرافی رونمائی اب جمعرات کو ٹاس سے قبل کی جائے گی۔ 
انگلینڈ کی ٹیم 17 برس بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان میں موجود ہے۔ ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ ملتان اور تیسرا کراچی میں شیڈول ہے۔ 

شیئر: