سعودی عرب زیتون کی انٹرنیشنل کونسل میڈرڈ میں شامل
اس موقع پر تقریب منعقد ہوئی۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب زیتون کی انٹرنیشنل کونسل میڈرڈ میں شامل ہوگیا۔ اس حوالےسے سپین میں متعین سعودی سفیر عزام القین اور کونسل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عبداللطیف غدیرہ کی موجودگی میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق القین نے تقریب کے دوران کونسل کے صدر دفتر میں سعودی پرچم لہرایا اور کونسل کے امن پارک میں زیتون کا پودا لگایا۔
تقریب میں کونسل کے اعلی عہدیدار شریک ہوئے جن میں سپین کے وزیر زراعت لوئس بلاناس، اردن کے وزیر زراعت خالد الحنیفات جو زیتون کی انٹرنیشنل کونسل کے سربراہ بھی ہیں، تیونس کے وزیر زراعت محمود الیاس حمزہ اور کونسل کے رکن ممالک کے متعدد سفرا شامل ہوئے۔
زیتون کی انٹرنیشنل کونسل اقوام متحدہ کے ماتحت بین الاقوامی سرکاری تنظیم ہے۔ اس میں زیتون کے تیل کی بین الاقوامی تجارت کا دائرہ وسیع کرنے میں دلچسپی رکھنے والے متعدد رکن ممالک شامل ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں