افتتاحی تقریب مکہ میونسپلٹی کے زیر اہتمام رضاکارانہ فورم کے تحت منعقد کی گئی(فوٹو، ٹوئٹر)
بلدیاتی ترقیاتی امور کے نائب وزیر انجینئرعبداللہ البدیر نے اپنی نوعیت کے پہلے فلاحی فوڈ بینک منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔
مکہ اخبار کے مطابق فلاحی فوڈ بینک ’اکرام تحفظ طعام‘ سوسائٹی کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ یہ سوسائٹی بچ جانے والے کھانے سے استفادہ اور فاضل کھانے کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے مختلف سکیمیں چلا رہی ہے۔
فوڈ بینک کی افتتاحی تقریب مکہ میونسپلٹی کے زیراہتمام رضاکارانہ فورم کے تحت منعقد کی گئی۔
اکرام سوسائٹی کے ڈائریکٹر احمد المطرفی نے اس موقع پرسوسائٹی کا تعارف کراتے ہوئے حاضرین کو رضا کارانہ پروگراموں کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔
نائب وزیر انجینئرعبداللہ البدیر نے فلاحی فوڈ بینک کا افتتاح کرنے کے بعد سوسائٹی کے ماتحت اداروں کا دورہ بھی کیا ورکنگ ٹیم سے گفتگو کی۔ ان کو سوسائٹی کی اہم خدمات پرمبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
نائب وزیر انجینئرعبداللہ البدیر نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکرام سوسائٹی قابل قدرکام کر رہی ہے اس کے اہداف مثالی ہیں۔ سوسائٹی سے ہر ممکن حد تک تعاون جاری رکھا جائے گا۔