Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھانے کے وقفے سے پہلے پانچ وکٹیں، ’بندہ سچ میں پراسرار سپنر ہے‘

انگلینڈ کی پہلی سات وکٹیں ابرار احمد نے ہی حاصل کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں جاری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 281 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے سپنر ابرار احمد نے سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ابرار احمد ایک سیشن میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے چوتھے بولر بن گئے ہیں۔
ابرار احمد نے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کھانے کے وقفے سے پہلے زیک کرالی، بین ڈکٹ، جو روٹ، اولی پوپ اور ہیری پوپ کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی پہلی سات وکٹیں ابرار احمد نے ہی حاصل کیں جبکہ تین کھلاڑیوں کو زاہد محمود نے آؤٹ کیا۔
ابرار احمد کی ڈیبیو پر شاندار کارکردگی کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کے بارے میں سٹار کرکٹرز اور صارفین کے تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’یہ ایسے بولر لگ رہے ہیں جو آنے والے سالوں میں بہت مشکلات پیدا کریں گے، ان کے پاس بہت سی چالیں ہیں۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ساتھی کھلاڑی کے بارے میں ٹویٹ کیا کہ ’سپر سٹار ابرار کا یہ خواب جیسا ڈیبیو ہے، ابھی تو آگے مزید کھیلنا ہے جادوگر، اسی طرح جاری رکھیں۔‘
سابق پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ ’ابرار مبارک ہو، ٹیسٹ ڈیبیو پر پانچ وکٹیں، ابھی مزید وکٹیں آئیں گی، آپ کی محنت رنگ لے آئی۔‘
اویناش آریان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’ابرار احمد، بندہ سچ میں پراسرار سپنر ہے، مزہ آ گیا بولنگ دیکھ کر۔‘
نعمان چودھری نے کہا کہ ’کیا آغاز ہے ابرار، اگر آپ ڈومیسٹک کرکٹ کی عزت کریں گے تو آپ کو ایسے پھل ملیں گے، قائد اعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کو راہ مل گئی، 12 اوورز میں ہی پانچ وکٹیں حاصل کر لیں۔‘
اسد نامی صارف کا کہنا تھا کہ ’ابرار تو پیار ہے، ہمیں سالوں پر ایک بار پھر سے توپ قسم کا سپنر ملا ہے۔‘

شیئر: