Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ عظمت کے 20 برس ہیں‘، رونالڈو کے آنسوؤں نے کروڑوں دل توڑ دیے

کروڑوں فٹ بال شائقین نے کرسٹیانو رونالڈو کو اُن کے بہترین کھیل پر خراج تحسین پیش کیا۔ فوٹو: اے ایف پی
حالیہ عہد کے بہترین فٹ بالرز میں سے ایک کرسٹیانو رونالڈو کے پرتگال کے لیے ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ختم ہو گیا۔ مگر کیا یہ شکست ان کے کیریئر کے خاتمے پر بھی منتج ہوگی۔
ورلڈ کپ کے میچز میں کرسٹیانو رونالڈو کو زیادہ تر متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اتارا گیا اور اب مراکش سے شکست کے بعد ٹیم کے ٹورنامنٹ کے باہر ہونے پر اُن کے آنسوؤں نے کروڑوں فٹبال شائقین کے دل توڑ دیے ہیں۔
سوشل میڈیا پر دنیا بھر سے فٹ بال اور رونالڈو کے مداح پرتگال کی شکست سے زیادہ سٹار کھلاڑی کے میدان سے رخصتی کے منظر پر دلبرداشتہ ہیں۔
کروڑوں فٹ بال شائقین نے کرسٹیانو رونالڈو کو اُن کے بہترین کھیل پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اطالوی ٹی وی کے ہوسٹ اینڈریانو ڈیل مونتے نے ٹویٹ کیا کہ ’روئیں مت کیونکہ یہ گزر گیا، ہنس پڑیں کیونکہ یہ ہو چکا۔ رونالڈو نے اس رات سب کچھ یہیں رکھ دیا۔ زندگی کے تمام 38 برس۔ وہ دو دہائیاں اپنے کھیل کے عروج پر رہے۔ تاحال توجہ کا مرکز ہیں۔ کیا زبردست رول ماڈل، متاثر کُن اور لیجنڈ ہیں۔‘
رونالڈو کے ایک مداح کی جانب سے اُن کے کیریئر کے اہم واقعات کی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کر کے لکھا گیا کہ ’کرسٹیانو رونالڈو، مادیرا سے آنے والا ایک لڑکا جو خواب لے آیا تھا۔ اس لڑکے نے کبھی ہمت نہیں ہاری، اپنے خواب کی تعبیر کے لیے دوسروں سے زیادہ محنت کی۔ یہ عظمت کے 20 برس ہیں۔‘
ایک ٹوئٹر صارف پیرز مورگن نے لکھا کہ ’رونالڈو کو روتے دیکھنا افسردگی میں مبتلا کر دیتا ہے کیونکہ ورلڈ کپ جیتنے کا اُس کا خواب چکنا چور ہو چکا۔ وہ لوگ جو اُس کا مذاق اڑا رہے ہیں یہ ضرور یاد رکھیں کہ انہوں نے فٹ بال کے لیے کیا کیا۔ میرے لیے وہ گوٹ ہے، ایک عظیم کھلاڑی جس نے آن اینڈ آف دا فیلڈ اپنی زندگی کا مشکل ترین برس گزارا۔ اُس نے عزت کمائی۔‘

کرسٹیانو رونالڈو کو زیادہ تر متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اتارا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پرتگال کے گھانا کے خلاف پہلے گروپ میچ میں متنازع پینلٹی حاصل کر کے گول کرنے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو ایسے کھلاڑی بن گئے جس نے پانچ ورلڈ کپ میں گول سکور کیے۔ تاہم اس کے بعد وہ کوئی گول نہ کر سکے۔
جنوبی کوریا کے خلاف میچ میں متبال کھلاڑی کے طور پر شامل کیے جانے پر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم کے کوچ سے تلخی ہوئی اور پھر وہ اگلے میچز میں میں بھی کھیل شروع ہونے پر بینچ پر متبادل کھلاڑی کے طور پر بیٹھے نظر آئے۔

شیئر: