سعودی عرب میں غیرملکی سیاحوں کی تعداد بڑھنے لگی
مملکت میں غیرملکی اور داخلی سیاحوں کی تعداد 46 ملین ہوگئی ہے ( فائل فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی وزارت سرمایہ کاری نے کہا ہے کہ ’سال رواں کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران مملکت میں سیاحت پر 38.5 ارب ریال خرچ کیے گئے ہیں۔‘
سبق کے مطابق وزارت کا کہنا ہے کہ اس دوران غیرملکی سیاحوں کی تعداد بڑھ کر 6.1 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ غیرملکی اور داخلی سیاحوں کی تعداد 46 ملین ہو گئی ہے۔‘
وزارت نے بیان میں کہا کہ ’سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران سعودی عرب آنے والے غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں سالانہ بنیاد پر 575.4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ 3.6 ملین غیرملکی مملکت پہنچے جبکہ مقامی سیاحوں کی تعداد میں 42.3 فیصد اصافہ ہوا۔ ان کی تعداد 21.4 ملین ریکارڈ کی گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’غیرملکی سیاحوں نے سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران 570 فیصد زیادہ 15.7 ارب ریال خرچ کیے جبکہ مقامی سیاحوں نے 31.5 فیصد زیادہ22.7 ارب ریال خرچ کیے۔ اس طرح غیرملکی اور مقامی سیاحوں نے مملکت میں 38.5 ارب ریال خرچ کیے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’مملکت میں سیاحت کے شعبے کے لیے مجموعی قومی پیداوار میں 10 فیصد اضافے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو کہ ملکی اور غیرملکی سیاحوں کی تعداد 100 ملین تک پہنچانے کی کوشش ہے۔