Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کمزور ہوں، ٹرک نہیں کھینچ سکتا،‘مارک وڈ کا شعیب اختر کو جواب

مارک وڈ نے پاکستان کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں چھ وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ سے قبل انگلش فاسٹ بولر مارک وڈ کو مشورہ دیا تھا کہ انہیں اپنی بولنگ کی رفتار بڑھانے کی ضرورت ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں شعیب اختر نے کہا تھا کہ ’اگر وہ (مارک وڈ) سوچ رہے ہیں کہ وہ 155 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند نہیں کرسکتے تو وہ بلکل غلط ہیں۔‘
انہوں نے مارک وڈ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’اگر وہ 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ٹرک کھینچنا شروع کردینا چاہیے۔‘
سابق پاکستانی فاسٹ بولر نے اپنی مثال دیتے ہوئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’میں گیند کو اس کے وزن سے چار گنا بھاری کر دیتا تھا اور وزن اٹھا کر ٹریننگ کیا کرتا تھا۔‘
مارک وڈ نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر چھ وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز جتوانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف جیت کے بعد مارک وڈ نے شعیب اختر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے کہا کہ اگر مجھے 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرنی ہے تو مجھے ٹرک کھینچنے کی ضرورت ہے۔‘
شعیب اختر کی بات پر تبصرہ کرتے ہوئے مارک وڈ کا مزید کہنا تھا کہ ’انہیں نہیں پتہ کہ میں کتنا کمزور ہوں۔ میں ٹرک نہیں کھینچ سکتا۔‘
لیکن انگلش بولر نے شعیب اختر کی تعریف بھی کی اور کہا کہ انہیں اچھا لگتا ایک بڑے بولر کی نقل کرنا۔
انہوں نے پاکستان میں کرکٹ کراؤڈ کو بھی سراہا اور کہا کہ ’کراؤڈ یہاں بہترین رہا انہیں شعیب اختر کی طرح کی فاسٹ بولنگ سے محبت ہے۔‘
انگلینڈ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 0-2 سے شکست دے چکا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ کراچی میں 17 دسمبر کو شروع ہوگا۔

شیئر: