Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب ’فرانس سے شکست کے ذمہ دار‘ انگلش کپتان نے پینلٹی ضائع کر دی

انگلش کپتان کین نے میچ کے اختتامی لمحات میں پینلٹی مِس کی (فوٹو: اے ایف پی)
فٹ بال ورلڈ کپ کے آخری کوارٹر فائنل میں فرانس کے ہاتھوں شکست کے بعد انگلش ٹیم کے کپتان ہیری کین اور کوچ گیرتھ سوتھگیٹ کے مستقبل کے حوالے سے غیریقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انگلش کپتان میچ برابر کرنے کا موقع ضائع کیے جانے کے بعد شدید مایوسی کا شکار ہیں۔
فرانس کے دو گول کے مقابلے میں انگلش ٹیم ایک گول کر سکی تھی۔
میچ کے 84 ویں منٹ میں انگلش ٹیم کے کپتان ہیری کین کو میچ کے دوران پینلٹی شوٹ ملا مگر وہ گول نہ کر سکے۔
قطر کے البیت سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان نے فرانس کے خلاف پہلا گول بھی پینلٹی شوٹ پر کر کے سکور برابر کیا تھا۔
ہیری کین نے میچ کے 54 ویں منٹ میں سکور کیے گئے گول کے ذریعے انگلینڈ کے وینے رونی کے 53 گول کا ریکارڈ برابر کیا۔
میچ کے بعد ہیری کین نے کہا کہ ’بطور کپتان میں اس کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔ میں نے پینلٹی ضائع کی، یہ اب آسان نہیں۔‘
انگلش ٹیم کے کوچ گیرتھ سوتھگیٹ نے اپنی ٹیم کے کھیل کو بہترین قرار دیا تاہم کہا کہ میچ جیتنے کا اہم موقع ضائع کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فرانس جیسی بڑی ٹیم کے خلاف بہت زبردست کھیل پیش کیا گیا۔
مبصرین کے مطابق سیمی فائنل میں نہ پہنچنے پر انگلش ٹیم کے کپتان اور کوچ کے مستقبل کے حوالے سے صورتحال غیریقینی ہے۔
فٹ بال ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل جیتنے والی فرانس کا ٹیم کا سیمی فائنل میں مقابلہ مراکش سے ہو گا جس نے پرتگال کو شکست دے کر تاریخ رقم کی ہے۔

شیئر: