جنرل (ر) قمر باجوہ سابق چیف جسٹس سے کیوں ملے؟
بدھ 14 دسمبر 2022 21:00
رائے شاہنواز -اردو نیوز، لاہور
سابق چیف جسٹس کے مطابق جنرل باجوہ ریٹائرمنٹ کے بعد ہم عصر افسران سے مل رہے ہیں۔ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے سابق آرمی چیف اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد ویسے تو منظر عام سے غائب ہی ہیں لیکن پیر کو سوشل میڈیا پر ایسی معلومات دیکھنے کو ملیں کہ وہ لاہور میں موجود ہیں۔
نہ صرف یہ کہ وہ لاہور میں موجود ہیں بلکہ انہوں نے سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات بھی کی ہے۔
گذشتہ مہینے جنرل باجوہ بھی ریٹائرڈ ہوئے تو اب یہ خبر ہے کہ وہ ثاقب نثار سے ملنے ان کے گھر پہنچے۔ اس بات کی تصدیق کے لیے اردو نیوز نے سابق چیف جسٹس سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ’جنرل باجوہ آئے تھے مجھے ملنے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ چائے کے کپ پر ملنا چاہتے ہیں تو میں نے انہیں کہا کہ وہ گھر ہی آجائیں۔‘
جب ان سے سے پوچھا گیا کہ کیا یہ ملاقات کسی خاص پس منظر میں ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ ’اس کا کوئی خاص مقصد نہیں تھا۔ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد ان تمام افراد سے مل رہے ہیں جو ان کے ہم عصر افسران تھے اور اب ریٹائرڈ ہو چکے ہیں۔‘
مزید پڑھیں
ان دونوں ریٹائرڈ افسران کا نام بہرحال پاکستان کی تاریخ میں بڑے عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ جب سابق چیف جسٹس اپنے عہدے پر براجمان تھے تو انہوں نے ملک میں پانی کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیم کے لیے چندہ اکھٹا کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس چندے میں اس وقت کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نہ صرف خود فنڈ جمع کروایا تھا بلکہ فوج نے بطور ادارہ بھی رقم اس اس فنڈ میں جمع کروائی۔
پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات 2018 کے بعد جب عمران خان وزیراعظم بنے تو اس سے اگلے سال چیف جسٹس ثاقب نثار تو ریٹائرڈ ہوگئے تاہم آرمی چیف کو تین سال کی مزید ایکسٹینش مل گئی۔
ریٹائرمنٹ کے بعد سابق چیف جسٹس کو بھاشا ڈیم کے لیے رکھی گئی ایک تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ یہ آخری وقت تھا جب جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اور جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار کو اکھٹے دیکھا گیا تھا۔