Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بدقسمتی سے میرا خواب ختم ہو گیا، رونالڈو کا سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام

کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے پانچ ورلڈ کپ کھیلے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
قطر میں جاری فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے کوراٹر فائنل میں مراکش سے ہارنے کے بعد پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو شدید افسردہ ہیں۔
سنیچر کو کھیلے گئے میچ کے ختم ہونے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو سٹیڈیم چھوڑ کر روتے ہوئے فیلڈ سے باہر چلے گئے جس کے بعد دنیا بھر میں بسنے والے ان کے مداح غم سے نڈھال ہیں۔
اسی سلسلے میں پرتگالی سپرسٹار نے اتوار کو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جذبات سے بھرپور پوسٹ اپلوڈ کی ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’پرتگال کے لیے ورلڈ کپ جیتنا میرا سب سے بڑا اور اہم خواب تھا، خوش قسمتی سے میں نے بہت سے بین الاقوامی اعزاز جیتے ہیں، لیکن اپنے ملک کا نام دنیا کی سب سے بڑی جگہ لانا میری زندگی کا سب سے بڑا خواب تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں اس خواب کے لیے لڑا، بہت لڑا، میں نے پانچ ورلڈ کپ کھیلے اور ان میں گول کیے، میرے ساتھ عظیم کھلاڑی رہے اور لاکھوں پرتگالیوں کی سپورٹ رہی۔ میں نے سب کچھ کیا، میں نے اپنا خواب پورا کرنے سے کبھی ہمت نہ ہاری نہ اس سے رخ پھیرا۔‘
37 سالہ فٹبالر کا مزید کہنا تھا کہ ’بدقسمتی سے گزشتہ روز خواب ختم ہو گیا، میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ جتنا کچھ لکھا گیا، بہت کچھ کہا گیا اور بہت کچھ گمان کیا گیا، لیکن پرتگال کے لیے میری محنت ایک لمحے کے لیے بھی کم نہ ہوئی۔ میں اپنے ملک اور اپنے ساتھیوں پر کبھی آنچ نہیں آنے دوں گا، پرتگال کا شکریہ، قطر کا شکریہ، یہ خواب جب تک رہا، بہت اچھا رہا۔‘
کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے پانچ ورلڈ کپ کھیلے ہیں جبکہ مجموعی طور پر انہوں نے 196 انٹرنیشنل میچز میں 118 گول سکور کیے ہیں۔
 

شیئر: