کرکٹ نے ہمیں جوڑا ہے، کراچی میں ڈیبیو کرکے اچھا لگا: ریحان احمد
ریحان احمد انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
کراچی ٹیسٹ میں انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی ریحان احمد نے کہا کہ اس میچ کا حصہ بن کر انہیں بہت خوشی ہوئی ہے۔
سنیچر کو کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں خود پر یقین رکھتا ہوں اور مجھے جب بھی موقع ملتا ہے میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں۔‘
انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں 18 سالہ لیگ سپنر ریحان احمد شامل ہیں جنہوں نے سنیچر کو کھیلے گئے میچ یں اپنا ڈیبیو کیا۔
ریحان احمد انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔
ان سے پوچھا گیا کہ ٹیم سینیئر کھلاڑیوں نے انہیں کیا نصیحت کی تو ان کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے مجھے کہا کہ میں نے دن کا آغاز بہت اچھا کیا اسے قائم رکھوں۔ مجھے سب کھلاڑیوں کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں مجھے اعتماد دیا۔‘
13 اگست 2004 کو انگلینڈ کے شہر نوٹنگھم میں پیدا ہونے والے ریحان احمد کے والد کا تعلق پاکستان سے ہے تاہم وہ انگلینڈ میں ہی مقیم ہیں۔
اپنے والد کے آبائی ملک کے خلاف کھیلنے کے بارے پوچھے گئے سوال پر ریحان احمد نے کہا کہ ’اس کھیل نے ہمیں جوڑا ہے اور یہاں ڈیبیو کر کے مجھے بہت اچھا لگا۔‘
ریحان احمد کا کہنا تھا کہ ڈیبیو کے بارے میں انہیں نصیحت کی گئی کہ ’اس بڑے دن میں پرسکون رہ کر اپنا کھیل پیش کروں اور چیزوں کو سادہ رکھوں۔ یہ سب سے اہم ہے۔‘
ریحان احمد رواں سال ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی ٹیم میں شامل تھے جہاں انہوں نے 4 میچز میں 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
انڈر 19 ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی کے بعد انگلش میڈیا اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے انہیں ٹیم میں شامل کرنے کی بھرپور حمایت کی گئی۔
انڈر 19 ورلڈ کپ سے مقبولیت حاصل کرنے کے بعد ریحان احمد کو انگلش کاؤٹنی سیزن میں لیسٹرشائر کی ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملا۔