اقامہ کی تجدید کےلیے جمع کرائی گئی اضافی فیس کی واپسی کیسے؟
اقامہ کی تجدید کےلیے جمع کرائی گئی اضافی فیس کی واپسی کیسے؟
اتوار 18 دسمبر 2022 0:01
باقی رہ جانے والی فیس اسی اکاونٹ سے واپس حاصل کی جاسکتی ہے(فوٹو اے ایف پی)
سعودی لیبر مارکیٹ کو دو شعبوں میں تقسیم کیاجاتا ہے۔ وہ شعبہ جس میں گھریلوکارکن آتے ہیں اسے ’عمالہ منزلیہ‘ کہا جاتا ہے جبکہ دوسرے کو ’تجاری‘ کا نام دیا جاتا ہے۔
عمالہ منزلہ کے شعبے میں گھریلو ملازمین شامل ہوتے ہیں جن میں فیملی ڈرائیور، چوکیدار، خادمہ وغیرہ کے پیشے شامل ہیں۔ گھریلو کارکنوں کے ذیل میں ایک اورشعبہ ہے جسے ’افرادی‘ کہا جاتا ہے جس کا مقصد ایسے اسپانسرز جن کو 10 سے کم کارکنوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
تجارتی شعبے کے تحت آنے والے کارکنوں کے امورکی نگران وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی ہے جہاں سے مملکت میں مروجہ ’سعودائزیشن‘ کے نظام کے تحت غیرملکی کارکنوں کے لیے ویزے جاری کیے جاتے ہیں۔
جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’ گھریلو کارکن کے ویزے پرہوں، سائق خاص کا پیشہ ہے۔ کفیل نے 4 برس کےلیے اقامہ تجدید کرانے کے لیے فیس جمع کرائی مگر ابشر کے ذریعے صرف دو برس کےلیے اقامہ جاری ہوا ہے، معلوم یہ کرنا ہے کہ جمع شدہ باقی فیس کس طرح وصول کی جاسکتی ہے؟‘۔
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ اقامہ کی تجدید کے لیے جتنی فیس ابشرسسٹم میں درکارہوتی ہے وہ جوازات کے اکاونٹ میں منتقل کرلی جاتی ہے باقی رہ جانے والی فیس اسی اکاونٹ کے ذریعے واپس حاصل کی جاسکتی ہے‘۔
واضح رہے گھریلو کارکنوں کے اقامہ کی سالانہ فیس 600 ریال ہوتی ہے۔ اقامہ تجدید کی فیس مطلوبہ مدت کےلیے جمع کرانے کے بعد اضافی فیس اسی اکاونٹ میں رہتی ہے۔
جمع شدہ باقی فیس واپس لینے کےلیے جس اکاونٹ سے فیس جمع کرائی گئی تھی۔ اسی اکاونٹ کے ذریعے واپسی کے آپشن کو اختیار کرتے ہوئے فیس واپس لی جاسکتی ہے۔
فیس 3 سے 5 دن کے اندر واپس اسی اکاونٹ میں ری فنڈ ہوجاتی ہے۔ ایسے افراد جو خدمات فراہم کرنے والے ایجنٹوں کے ذریعے اقامہ تجدید کی فیس جمع کراتے ہیں وہ ان ایجنٹ سے ہی مطلوبہ فیس واپس لے سکتے ہیں جن کے اکاونٹ کے ذریعے فیس داخل کرائی گئی تھی۔
بعض اوقات بیلنس رقم کی واپسی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑنے پر مقررہ بینک سے رجوع کیاجاسکتا ہے جہاں موجود اہلکار اکاونٹ کا جائزہ لینے کے بعد معاملے کو بہترطورپرحل کرتے ہیں۔