سائق خاص کا اقامہ چھ ماہ کے لیے تجدید کرایا جا سکتا ہے؟
سائق خاص کا اقامہ چھ ماہ کے لیے تجدید کرایا جا سکتا ہے؟
منگل 6 دسمبر 2022 5:28
سہ ماہی تجدید سے اہل خانہ کے ہمراہ مقیم غیرملکیوں کو سہولت ہوئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ جسے عربی میں جوازات کہتے ہیں کے ذمے جہاں مقامی شہریوں کے پاسپورٹ کا اجرا و تجدید ہے وہیں غیرملکیوں کے رہائشی پرمٹس کے امور کی نگرانی کی ذمہ داری بھی اسی ادارے کے سپرد ہے۔
رواں برس سعودی حکام کی جانب سے غیرملکی کارکنوں کی سہولت کے لیے اقاموں کی تجدید سہ ماہی سسٹم کا آغاز کیا گیا ہے۔
ٹوئٹر پر ایک شخص نے گھریلو ملازمین کے اقامے کی تجدید کے حوالے سے جوازات سے دریافت کیا کہ ’میں اپنے فیملی ڈرائیور کا اقامہ 6 ماہ کے لیے تجدید کرا سکتا ہوں؟‘
جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ غیرملکی کارکنوں کے اقامے کی تجدید کے لیے جو سہ ماہی سہولت دی گئی ہے وہ صرف کمرشل کارکنوں کے لیے ہے اس سے گھریلو ملازمین مستفید نہیں ہو سکتے۔
واضح رہے سعودی حکومت کی جانب سے رواں برس کے آغاز میں مملکت میں مقیم غیرملکی کارکنوں کے اقاموں کی تجدید کے لیے سہ ماہی بنیاد پرسہولت فراہم کی ہے۔
سہ ماہی اقامے کی تجدید سے مراد یہ ہے کہ کارکنوں کے اقامے ان کے سپانسرز اپنی سہولت کے مطابق تجدید کرا سکتے ہیں۔ مذکورہ سہولت سے قبل اقاموں کی تجدید ایک برس سے کم مدت کے لیے نہیں کی جاتی تھی۔
ایک برس کے لیے اقامے کی تجدید کے لیے 12 ماہ کی فیس ادا کرنا ہوتی تھی جس میں لیبر کارڈ کی فیس کے علاوہ اقامہ فیس اور سعودائزیشن کی مد میں عائد ہونے والی فیس بھی شامل ہوتی ہے جس کی وجہ سے تجارتی اداروں پر کافی مالی بوجھ پڑتا تھا جسے مدنذر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے تجارتی اداروں کے مالکان کو یہ سہولت دی کہ وہ اپنے کارکنوں کے اقاموں کی تجدید سہ ماہی بنیاد پر کر سکتے ہیں۔
سہ ماہی تجدید کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آجر اپنے کارکنوں کے اقاموں کی تجدید اپنی سہولت کے مطابق یعنی 3 ، 6 ، نواور12 ماہ کے لیے کرا سکتے ہیں جس سے وہ یکمشت 12 ماہ کی فیس ادا کرنے سے بچ جاتے ہیں۔
اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ گھریلو ملازمین کے اقامے کی تجدید چونکہ براہ راست جوازات کے ذریعے ہوتی ہے اس میں لیبرآفس کی فیس ادا نہیں کی جاتی اس لیے انہیں یہ سہولت فراہم نہیں کی گئی۔
واضح رہے گھریلو کارکنوں کے اقامے کی تجدید میں چونکہ لیبرآفس اورسعودائزیشن کی فیس شامل نہیں ہوتی اس لیے گھریلو کارکنوں کے اقامے ایک یا دو برس کےلیے تجدید کرائے جاتے ہیں۔
دوسری جانب وہ کمرشل کارکن جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہوتے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کے اقاموں کی تجدید کے لیے مقررہ فیس جمع کرائیں جب تک اہل خانہ پرعائد فیس جمع نہیں کرائی جاتی اس وقت تک کارکن کا اقامہ بھی تجدید نہیں ہو سکتا۔
سہ ماہی تجدید کی سہولت سے مذکورہ کارکنوں کے لیے یہ آسانی ہے کہ وہ اپنے بجٹ کے مطابق اپنی سہولت کو دیکھتے ہوئے اہل خانہ کے لیے تین ماہ یا اس سے زیادہ مدت کی فیس جمع کرانے کے بعد اقامہ تجدید کرا سکتے ہیں تاہم اس امر کا خیال رکھا جائے کہ اگراہل خانہ کی فیس کی مد میں تین یا چھ ماہ کی فیس جمع کرانے کا ارادہ ہے تو اس صورت میں کارکن کا اقامہ بھی اتنی ہی مد ت کے لیے تجدید ہوگا کیونکہ سربراہ خانہ کے اقامے کی مدت کے مطابق اہل خانہ کے اقامے کی تجدید کی جاتی ہے۔