Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سان فرانسسکو کی ٹرین میں فائرنگ سے ایک ہلاک، ایک زخمی

سان فرانسسکو کی سپروائزر کا کہنا ہے کہ زخمی شخص کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے (فوٹو: اے پی)
امریکہ کے شہر سان فرانسسکو کی ایک ٹرین میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
خبر رساں اداے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق واقعہ بدھ کو پیش آیا پولیس کا کہنا ہے جس جگہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اس کے قریب ہی چند روز ایک فیسیٹول منعقد کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ٹرین میں اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ کیسٹرو نامی قصبے کی جانب بڑھ رہی تھی۔
سان فرانسسکو کی سپروائرز مائرنا میلگر کا کہنا ہے کہ جب واقعے کی اطلاع ملنے پر حکام وہاں پہنچے تو ایک شخص کو مردہ اور ایک کو زخمی حالت میں پایا گیا، جس کو ہسپتال پہنچایا گیا۔
ان کے مطابق ’عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واقعے سے قبل فائرنگ کرنے والے اور نشانہ بننے والے افراد کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی تھی، جبکہ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔‘
کیسٹرو کے سپروائز رفائل مینڈلمین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے اور اس کا نشانہ بننے والوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ دونوں پہلے سے ایک دوسرے کو جانتے تھے۔

امریکہ میں کل (بدھ) کو ہی ہتھیاروں پر پابندی کے حوالے سے قدم اٹھایا گیا تھا (فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے کہا کہ ’ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ کوئی ٹرین پر چڑھا اور فائرنگ شروع کر دی، جو کہ بہت خوفناک ہو سکتا تھا، تاہم یہ بھی کافی خوفناک تھا۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ جس سٹیشن کے قریب حملہ آور فرار ہوا وہ سان فرانسسکو اور کیسٹرو کے تقریباً درمیان میں واقع ہے۔
خیال رہے امریکہ میں فائرنگ کے پے در پے واقعات کے بعد یہ بحث چھڑ گئی تھی کہ ہتھیار رکھنے کے حوالے سے سخت قوانین بنائے جائیں اور گزشتہ روز ہی امریکی سینیٹ نے کئی دہائیوں بعد ملک میں ہتھیاروں کی روک تھام کے لیے قانون منظور کرنے کی طرف پہلا قدم اٹھایا تھا جبکہ اس سے ایک روز قبل ہونے والی ووٹنگ میں سینیٹرز نے شہریوں کے ہتھیار رکھنے کے قانون (گن لا) کو سخت کرنے کے اقدامات کی فوری منظوری کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

شیئر: