نیویارک کے سب وے سٹیشن میں فائرنگ، 13 افراد زخمی
فائرنگ کے واقعے میں 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فوٹو اے پی
امریکی شہر نیو یارک کے بروکلین سب وے سٹیشن پر فائرنگ کے واقعہ میں کم از کم تیرہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واقعہ منگل کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 8 بجے پیش آیا۔
نیو یارک پولیس نے کہا ہے کہ جائے وقوعہ پر متعدد ’دھماکہ خیز مواد‘ موجود ہیں تاہم ان میں سے کوئی بھی پھٹ نہیں سکتا۔
پولیس نے اپنی ایک ٹویٹ میں شہریوں کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے اور کوئی بھی معلومات ملنے کی صورت میں پولیس کو مطلع کرنے کا کہا ہے۔
نیو یارک پولیس کی ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ 8 بج کر 27 منٹ پر 911 پر موصول ہونے والی کال میں اطلاع دی گئی کہ ایک شخص کو گولی لگی ہے جس کے بعد پولیس حرکت میں آئی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر ہونے والی غیر مصدقہ ویڈیوز میں ایک شخص کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ٹرین میں آگ لگ گئی ہے اور آٹھ افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق کنسٹرکشن عملے کے نارنجی رنگ کے یونیفارم میں ملبوس ایک شخص کو گیس کا کنستر سٹیشن میں پھینکتے ہوئے دیکھا گیا ہے جس نے خود بھی گیس ماسک پہن رکھا تھا۔ تاہم کسی مشتبہ شخص کو فی الحال گرفتار نہیں کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن کو واقعے سے متعلق بریفنگ دے دی گئی ہے اور وہ نیو یارک میں عہدیداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
امریکہ میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات میں سالانہ کی بنیاد پر تقریباً 40 ہزار افراد ہلاک ہوتے ہیں جن میں خودکشیاں بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی صدر جو بائیدن نے اسلحے کی خریداری پر قابو پانے سے متعلق نئے اقدامات کا اعلان کیا تھا اور سیریئل نمبر کے بغیر اسلحہ رکھنے پر پابندی عائد کی ہے۔