Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کے گرد گھیرا تنگ، اپنا آخری کارڈ کھیل چکے: وزیر دفاع

خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا (فوٹو: ٹوئٹر، پی ٹی آئی)
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان اسمبلیوں کی تحلیل کا آخری کارڈ کھیل چکے اور اب ان کے گرد قانون کا گھیرا تنگ ہو رہا ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے عمران خان پر الزام لگایا کہ اگر وہ خود حکومت نہیں چلا سکے تو اس میں جنرل باجوہ کا کیا قصور ہے۔
’عمران خان محسن کش شخص ہیں اور انہی کو گالیاں دے رہے ہیں جنہوں نے ہر قدم انہیں سہارا دیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس سے زیادہ گھٹیا بات اور کوئی نہیں ہو سکتی کہ اپنے محسنوں کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کیے جائیں۔‘
خواجہ آصف نے موجودہ ملکی حالات کا ذمہ دار پچھلی حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر یہ کچھ عرصہ مزید نکال جاتے تو شاید ملک نہ بچ پاتا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اُن کے لگائے زخم ابھی تک رس رہے ہیں اور ہم اِن پر مرہم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے الزام لگایا کہ ان (عمران خان) کی اب بھی یہ کوشش ہے کہ ملک زخمی حالت میں رہے۔
’ان کی نیت یہ ہے کہ اگر میں حکمران ہوں تو ملک رہے اور نہیں رہوں تو ملک بھاڑ میں۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔‘

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کا نتیجہ دو تین روز میں سامنے آ جائے گا (فوٹو: ریڈیو پاکستان)

خواجہ آصف نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ’انہوں نے جن لوگوں پر تکیہ کیا انہوں نے کبھی ڈوبتے لوگوں کا ساتھ نہیں دیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے وزیراعلٰی اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد آ چکی ہے اور اس کا نتیجہ دو تین روز میں سامنے آ جائے گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ عدالتیں، الیکشن کمیشن اور اسٹیبلشمنٹ جب تک ان کا ساتھ دیں تو انہیں پسند ہوتی ہیں۔ ’اگر حدود میں رہ کر کام کریں تو ان کو اینٹیں ماری جاتی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ اقتدار جانے کے بعد عمران خان اپنے ہوش و حواس کھو چکے ہیں، ان کے پیروں کے نیچے سے زمین کھسک رہی ہے۔
خواجہ آصف کے مطابق ’روز نیا انکشاف ہو رہا ہے اور مرشد کا کاروبار سامنے آ رہا ہے۔‘

شیئر: