Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کا اجلاس: علاقائی و بین الاقوامی امور کا جائزہ

اجلاس منگل کو ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی صدارت میں منعقد ہوا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے ریاض میں ہونے والی چین سعودی، چین خلیجی اور چین عرب سربراہ کانفرنسوں برائے تعاون و ترقی کی قراردادوں کا خیر مقدم کیا ہے۔
 کابینہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ’ چین کے ساتھ عربوں کی دوستی مضبوط بنانے کی خواہش ابھر کر سامنے آئی ہے۔ یہ کانفرنسیں آنے والی نسلوں کی آرزوؤں اور اہداف کی تکمیل  میں معاون بنیں گی‘۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی صدارت میں منعقد ہوا ہے۔ 
کابینہ نے بغیر اجازت بنائے گئے کنوؤں کے اندراج کے سلسلے میں دی گئی مہلت میں ایک سال کا اضافہ کیا ہے۔
کابینہ میں سعودی عرب اور برادر ممالک کے درمیان گزشتہ دنوں ہونے والے مذاکرات پر خصوصی رپورٹ پیش کی گئی خصوصا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو امیر قطر اور کویتی ولی عہد کی طرف سے ملنے والے خطوط اور اردن کے فرمانروا سے شہزادہ محمد بن سلمان کے ٹیلیفونک رابطے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ 
کابینہ میں چینی صدر کے دورہ سعودی عرب، سعودی قیادت کے ساتھ مذاکرات، دونوں دوست ملکوں کے درمیان جامع سٹراٹیجک شراکت کے معاہدے، سعودی وژن 2030 اور چینی بیلٹ انشیٹوکو جوڑنے والے منصوبے، 46 معاہدوں اور دونوں ملکوں کے پرائیویٹ و سرکاری سیکٹرز کے درمیان وسیع تر تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ ’علاقائی و بین الاقوامی موضوعات بھی اجلاس میں زیر بحث آئے۔ کابینہ نے کیمیکل اسلحہ پر پابندی کے معاہدے میں شریک ممالک کی کانفرنس کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مملکت نے عالمی امن و سلامتی کے تحفظ اور کیمیکل اسلحہ کے پرامن استعمال کو یقینی بنانے کے حوالے سے جس موقف کا مظاہرہ کیا تھا وہ حتمی پالیسی ہے‘۔

 برادر ممالک کے ساتھ گزشتہ دنوں ہونے والے مذاکرات پر رپورٹ پیش کی گئی(فوٹو ایس پی اے)

کابینہ نے سوڈان میں عبوری مرحلے کے حوالے سے متعلقہ فریقوں کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کا خیر مقدم کیا ہے۔
کابینہ نے کہا کہ ’اقوام متحدہ کی جانب سے 2023 کے حوالے سے بین الاقوامی انسانی جدوجہد کے آغاز کے لیے ریاض شہر کا انتخاب اس بات کا پتہ دیتا ہے کہ اس حوالے سے اقوام عالم میں مملکت کو قابل قدر حیثیت حاصل ہے‘۔ 
کابینہ نے متعدد فیصلے کیے۔ کھیلوں کے شعبے میں جمہوریہ ہیلینی کے ساتھ تعاون کے معاہدے کی منظوری دی۔ وزیر سرمایہ کاری کو اٹلی کے ساتھ براہ راست سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کیا۔ 
جمہوریہ ہیلینی کے ساتھ صحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت اور مراکش کے ساتھ ایٹمی توانائی کے  پرامن استعمال کے سلسلے میں تعاون کے  معاہدے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں مشرقی ریجن میں قدرتی گیس کی دو فیلڈز دریافت کرنے پر سعودی آرامکو کو سراہا گیا۔

شیئر: