سعودی عرب اور برطانیہ میں تجربات کے تبادلے کےلیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
سعودی وزیر خزانہ نے برطانوی ہم منصب اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کی ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب اور برطانیہ نے قومی خزانے و مالیاتی خدمات کو جدید خطوط پراستوار کرنے، تجربات کے تبادلے کے سلسلے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر اتفاق کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے لندن میں اپنے برطانوی ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں بین الاقوامی اقتصادی مسائل اور دوطرفہ تعلقات کے استحکام کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جی 20 میں زیر بحث آنے والے امور، عالمی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کے موضوعات، سعودی معیشت کےعروج پذیر امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
دونوں ملکوں کے وزرائے خزانہ کی موجودگی میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی ہوئے ہیں۔
محمدالجدعان نے برطانوی وزیر سرمایہ کاری لارڈ جانسن سے بھی ملاقات کی۔
دونوں ملکوں کے درمیان مالیاتی خدمات کے شعبے میں تعاون اور باہمی تعلقات کے استحکام کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیرخزانہ نے سعودی برٹش بزنس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام میں برطانیہ کی کمپنیوں کے سربراہوں اور سرمایہ کاروں سے ملاقات میں سعودی معیشت کے عروج پذیر امکانات اور وژن 2030 کے تناظر میں اقتصادی و مالیاتی اصلاحات کی سعودی سکیموں کا جائزہ لیا۔
محمد الجدعان نے لندن کے میئر سے ملاقات میں مملکت میں سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان شراکت اور نجکاری کے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر خزانہ نے مملکت میں سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹرز کے درمیان شراکت اور نجکاری کے مواقع میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’نجکاری کے پروگرام اور شراکت کے مواقعوں سے تیزی سے بہتری آرہی ہے۔‘