جدہ کورنیش جانے والا راستہ جزوی طور پر بند
سمندر میں اٹھنے والی اونچی لہروں کے باعث راستے بند کیا گیا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی نے جمعہ 23 دسمبر کی شام کو اونچی لہریں اٹھنے پر ساحل سمندر ( کورنیش) کا راستہ جزوی طور پر بند کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے بیان میں کہا کہ ’ النورس چوراہے سے کوسٹ گارڈز سینٹر تک راستہ بند کیا گیا ہے‘۔
اس سے قبل جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب اور صبح کے وقت میں سمندر میں اٹھنے والی اونچی لہریں ساحل تک ٹکرائی تھیں جس سے سمندر سے متصل سڑک بعض مقامات پر زیرآب آگئی تھی۔ پولیس نے کورنیش آنے والوں کی سلامتی کےلیے راستے کو جزوی طور پر بند کردیا تھا۔
سیدتی میگزین کے مطابق سی فرنٹ جدہ شہر میں واقع ہے۔ اس کا افتتاح 29 نومبر2017 کو گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے کیا تھا۔
جدہ سی فرنٹ النورس چوراہے سے جابر بن الحارث سٹریٹ تک 4500 میٹر طویل ہے۔
سی فرنٹ پر النورس، الاصداف، التوحید، الرمال، اللولو، الصیاد اور الخلیج کے نام سے چوراہے معروف ہیں۔